کسان مارچ آج منڈی بہائوالدین سے شروع ہوگا:حافظ نعیم
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ حکومت ، پی ٹی آئی مذاکرات مثبت پیشرفت ہے لیکن حکومت اور پی ٹی آئی کے وفود کو بااختیار ہونا چاہیے ۔
اسلام آباد کے میلوڈی دفتر میں پریس کانفرنس میں امیر جماعت نے کہا حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے ، معلوم نہیں پی ٹی آئی نے مذاکرات میں اس پر کیا سوچا۔ آج (بدھ)سے کسانوں کے حقوق کیلئے کسان مارچ منڈی بہائوالدین سے شروع ہوگا ،بعد میں لاہور اور جنوبی پنجاب میں ہوگا۔ گنے کی فصل تیار ہے ۔ حکومت نے ابھی تک ریٹ مقرر نہیں کیا، شوگر مافیا من مرضی کا ریٹ لگا کر کاشتکار کو لوٹ رہاہے ، پچھلی مرتبہ گندم کی فصل پربھی حکومت نے جھوٹ بولا تھا، چھوٹا کاشتکار پس رہا ہے ۔ انہوں نے کہا 29 دسمبر کو اسلام آباد میں بہت بڑا غزہ مارچ کرینگے ،سیاست کو الگ رکھ کر سب شرکت کریں، اسرائیل میں دم خم نہیں ،وہ حماس کا مقابلہ نہیں کرسکتا، سب کو فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھنا چاہیے ۔ امریکا سب سے بڑا ریاستی دہشتگرد ہے ،اس پر مسلسل آواز بلند کرنی چاہیے ۔ پاکستان نے میزائل ٹیکنالوجی پر کام کیا تو امریکا کی چیخیں نکل رہی ہیں، ہمیں بھرپور ڈٹ کر کام کرنااور مضبوط موقف رکھنا چاہیے ۔ حکومت انٹرنیٹ سلو کرکے معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔ کرم اوربلوچستان میں ابتر حالات کی ذمہ دار حکومت ہے ۔