کسانوں کیلئے تحریک شروع،مافیا،حکمرانوں نے عوام کا جینا مشکل کردیا:حافظ نعیم

کسانوں کیلئے تحریک شروع،مافیا،حکمرانوں نے عوام کا جینا مشکل کردیا:حافظ نعیم

لاہور،پھالیہ (مانیٹرنگ ڈیسک ،نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحما ن نے کہا ہے کہ ملک میں 10کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، مافیا اور حکمرانوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا۔

 غلط پالیسیوں سے کسان بدحال ہوچکا،حکومت گندم اور گنے کی امدادی قیمت کا اعلان کرے ۔ چولستان میں اراضی کس میرٹ پر تقسیم ہو رہی ہے ؟ کارپوریٹ فارمنگ سے عام کسان برباد ہو جائیگا،  کسانوں کے حقوق کی تحریک کا آغاز کر دیا، اسے پورے ملک میں پھیلائیں گے ۔ آئی پی پیز مافیا کیخلاف بھی احتجاج کا آغاز کیا جائے گا، عوام بڑی کال کیلئے تیار رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پھالیہ منڈی بہاؤالدین میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کسان مزدور کنونشن سے خطاب میں کیا۔ کسان بورڈ پنجاب کی ضلعی ومقامی قیادت سمیت مزدور کسان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہماری اسمبلیاں کسانوں ، مزدوروں اور غریبوں کی نمائندگی نہیں کرتیں، پارلیمنٹ میں 70 فیصد سے زیادہ لوگ ارب پتی ہیں ۔ ان میں سے کوئی بھی غریب اور کسان کی نمائندگی نہیں کرتا ،بے زمین کسانوں کو اراضی دینے کی بجائے کارپوریٹ فارمنگ کو کیوں دی جار ہی ہے ۔ 2 ہزار ارب آئی پی پیز کو دے دیتے ہو 570 ارب تعلیم کو کیوں نہیں دے سکتے ۔ ہمارے پاس معدنیات، زراعت ہے ، ہر گزکشکول اٹھانے کی ضرورت نہیں ،صرف زکوٰۃ وعشر کے نظام سے ہی ملک کا نظام چلا سکتے ہیں ، ٹیکس وصولی کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ہم ایوانوں کا گھیراؤ کرینگے اور تبدیلی کی تحریک کو گلی گلی قریہ قریہ پھیلائیں گے ۔ اس موقع پر مرکزی صدر کسان بورڈ سردار ظفر حسین اور پنجاب کے صدر صالح رانجھا نے خطابات میں گندم اور کماد کی کسان دشمن قیمتوں اور کسانوں کو درپیش مسائل اجاگر کرتے انکے فوری حل کا مطالبہ کیا ۔ مقررین نے کسانوں اور مزدوروں کے استحصال کیخلاف متعدد قراردادیں بھی پیش کیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں