2025تبدیلی کا سال ، یہ رہیں گے یا ہم :علی امین گنڈا پور
پشاور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 2025 تبدیلی کا سال ہے یا تو ہم رہیں گے یا یہ رہیں گے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے میں امن بحال کرنا میرا کام ہے اور میں کروں گا، انکے پاس عوامی طاقت نہیں ، یہ عوام کے پاس نہیں جاسکتے ، ہمارے پاس عوامی طاقت ہے ، کرم کا مسئلہ 50 سال سے ہے جو حل کے قریب ہے اور میں ہی حل کروں گا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ کسی کی کارکردگی ان کی معیشت سے نظر آتی ہے ، ہم نے 24 فیصد سے زیادہ ریونیو بڑھایا، انہوں نے اگر اپنی معیشت کو بڑھایا ہے تو سامنے لائیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئی ایم ایف نے خود کہا ہے کہ ہمارے ٹارگٹ صرف خیبر پختونخوا نے پورے کیے ، 103 ارب روپے ہم نے اپنے ٹارگٹ سے اوپر جمع کیے ہیں، پنجاب 150 ارب خسارے میں جا رہا ہے ، اس کے بعد کہتے ہیں ہم نے کمال کردیا، یہ کمال نہیں چاہئے ۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کس صوبے نے اپنی معیشت اتنی بڑھائی جتنی ہم نے بڑھائی، وفاقی حکومت اور پنجاب خسارے میں ہے ، جو خسارے میں جا رہے ہیں ان کو پھانسی دینی چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کرم کا مسئلہ حل کے قریب ہے ہم ہی حل کریں گے ،حکمرانوں کے پاس مینڈیٹ نہیں ،بانی رہا ہوں تب سال نو کی خوشی ہو گی ۔