کرم میں امن کمیٹیاں قائم، پولیس کی نگرانی میں گاڑیوں کا قافلہ آج روانہ ہوگا

پشاور: (دنیا نیوز) کرم میں امن قائم کرنے کی جانب اہم قدم، مقامی افراد ، قبائلی و سیاسی قیادت پر مشتمل امن کمیٹیاں قائم کر دی گئیں، گاڑیوں کا قافلہ آج 4 جنوری 2025 کو صبح 10 بجے روانہ ہوگا۔

امن کمیٹیوں میں تمام مسالک اور فقہ کے افراد شامل ہیں، امن کمیٹیوں کی گارنٹی کے بعد اشیائے خور و نوش اور سامان کا پہلا قافلہ کل ٹل سے پارا چنار کے لئے نکلے گا، قافلے کی حفاظت کیلئے پولیس اہلکار بھی ساتھ ہوں گے۔

پارا چنار جانے والے قافلے کی حفاظت پولیس کرے گی، ہنگامی صورت حال میں معاونت کےلیے دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت موجود ہوں گے۔

امن کمیٹیوں کا قیام یکم جنوری کو ہونے والے امن معاہدے کے جرگے میں ہوا، مقامی رہنماؤں نے ذاتی اور قبائلی تنازعات کو بالائے طاق رکھ کرحفاظت کی گارنٹی دی۔

80 سے زائد دن سے سڑکوں کی بندش سے بنیادی سہولیات اور ادویات بروقت نہ ملنے سے عوام کو مشکلات رہیں۔

کرم کا مسئلہ دہشت گردی نہیں بلکہ مقامی زمینی اور قبائلی تنازع ہے، زمینی اور قبائلی تنازع کو فرقہ واریت کا رنگ بھی دیا جاتا ہے۔

15 دن میں اسلحہ جمع کروانے کا وعدہ، بنکرز کا خاتمہ ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

مقامی امن کمیٹی میں لوئر کرم سے سابق ایم این اے پیر حیدر علی شاہ، عابی فیض الله، حسین علی سمیت 27 ممبران شامل ہیں۔

اپرکرم سے سابقہ سینیٹر سجاد حسین طوری، ایم پی اے علی ہادی ، مزمل شاہ سمیت 48 ممبران شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں