ظالمانہ نظام کیخلاف جدوجہد تیز کرینگے :حافظ نعیم

 ظالمانہ نظام کیخلاف جدوجہد تیز کرینگے :حافظ نعیم

لاہو ر(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کے منافی اقدامات ہو رہے ہیں، جمہوریت کمزور اور آزادی اظہار پر پابندی ہے ، ظلم و جبر کا سسٹم رائج ہے۔

 لوگوں کو انصاف نہیں ملتا، 40فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، پونے 3کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں،4 فیصد بڑے جاگیرداروں، وڈیروں کے قبضے میں 50فیصد زرعی رقبہ، بقیہ اراضی 96فیصد چھوٹے کسانوں کے پاس ہے ، غریب کاشتکار ،مزدور کو کوئی پوچھنے والا نہیں، جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرے گی، موجودہ نظام ملک کی خاطر دی جانے والی قربانیوں کا مذاق ہے ، علما اسلامی نظام کیلئے ہماراساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مفتاح العلوم شیرگڑھ خیبرپختونخوا میں تقریب تکمیل بخاری سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا حکومت بجلی، گیس مہنگی کررہی، عوام کو بنیادی سہولیات نہیں دے رہی، یہ تو نہیں کر سکتے کہ ہم حکومت کو ٹیکس،بجلی کے بل نہیں دینگے مگر ظالمانہ نظام کیخلاف جدوجہد ضرورتیز کرینگے ۔ دنیا میں انقلاب انسان ہی لاتے ہیں، بنگلہ دیش میں بہت بڑی تبدیلی آئی ،حسینہ واجد نے جماعت کے بزرگ رہنماؤں کو پھانسیاں دیں، ہزاروں بیگناہ افراد کو جیلوں میں قید کر کے اذیتیں دیں تاہم آج بنگلہ دیش سے پاکستان سے اچھے تعلقات کے پیغامات آ رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں