القادرٹرسٹ فیصلے میں تاخیر قابل تشویش، مذاکرات میں تعطل نہیں آنا چاہیے: پی ٹی آئی
اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ نہ آنا قابل تشویش ، مذاکرات تعطل کا شکار نہیں ہونے چاہیے۔
اسلام آباد میں عمرایوب، سلمان اکرم راجہ اور شبلی فرازکے ہمراہ بیرسٹر گوہر کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے دو نکات ہیں ، ایک 9 مئی اور 26نومبر واقعہ پر جوڈیشل کمیشن بنانا دوسرا بے گناہ کارکنوں کی رہائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومتی مذاکراتی کمیٹی سےدوملاقاتیں ہوچکی ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات تعطل کا شکار ہوں ۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے القادرٹرسٹ سے کوئی فائدہ نہیں لیا ، بانی پی ٹی آئی نے کل بھی کہا جلد القادرٹرسٹ کیس کا فیصلہ آنا چاہیے۔
عمرایوب
رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے آزادانہ ماحول میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا کہا تھا، حکومت کی طرف سے تاحال ملاقات کی اطلاع نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام اسیران کورہا کیا جائے، مطالبات تحریری شکل میں نہ ہونےکی وجہ سےمذاکرات تاخیرکا شکارنہیں ہونے چاہئیں، نومئی،26 نومبر پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے، کسی رکاوٹ کے بغیر بانی سے ملاقات کرائی جائے گی تو حکومت کی سنجیدگی کا علم ہوگا۔
عمرایوب نے مزید کہا کہ ملک میں افراتفری کا ماحول ہے، ملک میں بےروزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، دوسال میں 20لاکھ نوجوان ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، ملکی معیشت کا برا حال، زیرو گروتھ ہے، ملکی مسائل کا واحد حل شفاف الیکشن ہونےچاہئیں، تحریک انصاف ایک بارپھر نئےشفاف الیکشن کا مطالبہ کرتی ہے۔
سلمان اکرم راجہ
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ کل عمران خان سےجیل میں ملاقات ہوئی، بانی نےکہا تمام اسیران کی رہائی ہونی چاہیے، عمران خان اپنےکارکنان کےساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اورعوام کے درمیان خلیج پیدا کردی گئی ہے۔
شبلی فراز
شبلی فراز نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف نےہمیشہ قانون کی حکمرانی کی بات کی، بانی پی ٹی آئی پرسیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے، القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ نہ آنےپرہمیں تشویش ہے، القادرٹرسٹ کیس کا فیصلہ فوری آنا چاہیے، عمران خان اوران کی اہلیہ القادرٹرسٹ کےٹرسٹی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی کوفلاحی کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، ہم کوئی رعایت نہیں مانگ رہے، ہم چاہتےہیں انصاف کےتقاضوں کوپورا کیا جائے، رول آف لا کے بغیرملک میں استحکام نہیں آ سکتا، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے۔
شبلی فراز نے ’اڑان پروگرام کوفراڈ اور کھوکھلا‘ قراردے دیا،انہوں نے کہا کہ احسن اقبال ایسے کئی پروگرام دے چکے ہیں، یہ صرف عوام کودھوکہ دے رہے ہیں، مہنگائی سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ دو، چار ماہ کی یہ مہمان حکومت ہے، انہوں نے ملک مفلوج کردیا اور اپنے کیسز معاف کرا لیے ہیں۔