فیصل آباد تھانے میں 3 ملزمان کی ہلاکت: 2 ایس ایچ او ز سمیت 6 ملازمین معطل
فیصل آباد: (دنیا نیوز) تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں 3 ملزمان کی ہلاکت کا معاملے پر 2 ایس ایچ اوز سمیت 6 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا۔
ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر عابد خاں کی جانب سے ملازمین کو معطل کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، آر پی او نے سنگین غفلت اور لاپرواہی کے الزام پر ملازمین کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی تاندلیانوالہ اور ایس ایچ او تھانہ صدر تاندلیانوالہ سمیت 6 ملازمین کو معطل کیا گیا ہے، معطل ملازمین میں سابق ایس ایچ او تھانہ سٹی تاندلیانوالہ اور تفتیشی بھی شامل ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد: تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں ملزمان کی فائرنگ ، 3 سگے بھائی قتل
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری مکمل ہونے پر مزید ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز تھانہ صدر تاندلیانوالہ پر حملے کے دوران حوالات میں بند 3 ملزمان بھائیوں کو قتل کیا گیا تھا، ملزمان کے مخالفین نے تھانے میں گھس کر زیر حراست ملزمان کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔