سینیٹ اجلاس میں کامران مرتضیٰ کی ہر ڈویژن کو صوبہ بنانے کی تجویز
اسلام آباد:(دنیا نیوز) سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر کامران مرتضیٰ نے ہر ڈویژن کو ایک صوبہ بنانے کی تجویز دے دی۔
اسلام آباد میں سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ساؤتھ پنجاب کے نام سے علیٰحدہ صوبے کے قیام سے متعلق بل زیر غور ہے۔
جواب میں سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ پہلے حکومت اپنا ویو پوائنٹ دے ، جو انڈیا کے آئین میں ہے وہ ہمارے آئین میں نہیں ہے نہ ہو سکتا ہے جبکہ سینیٹر ضمیر حسین گھمبرو نے بل کی مخالفت کر دی۔
سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ جب صوبے زیادہ ہوتے ہیں تو فیڈریشن مضبوط ہوتی ہے، آپ کو ضرورت ہے تو آپ دو نہیں چار صوبے بنا دیں لیکن آپکو معیشت بھی دیکھنی ہے۔
عون عباس نے کہا کہ پروپوزل تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اگلی کمیٹی میں بل پر مزید بحث ہو گی۔
چیئرمین کمیٹی نے وزارت قانون سے بل سے متعلق رپورٹ طلب کر لی، اجلاس میں آرٹیکل 51، 59، 106، 154، 175A، 198 میں ترمیم کے حوالے بل زیر غور آیا، کمیٹی نے وزیر قانون کی عدم موجودگی پر بل موخر کر دیا۔
سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ جب کوئی بل پیش کیا جاتا ہے تو متعلقہ وزیر کو کمیٹی میں بٹھانا لازمی قرار دیں، ہمارے کئی بل ایوان سے موخر ہوتے ہیں کیونکہ وزیر کے ساتھ اس پر بحث نہیں ہوتی۔
اجلاس میں فیملی کورٹ ترمیمی بل بھی کمیٹی میں زیر غور آیا، بل سینیٹر ثمینہ زہری نے پیش کیا۔
چئیرمین کمیٹی نے سیکرٹری قانون کو ہدایت کی پنجاب میں یہ چیز آ چکی ہے، چیئرمین کمیٹی اس میں کچھ ترمیم کر کے مجھے دکھائے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں سینیٹر علی ظفر کو ذیلی کمیٹی شامل کر لیا، کمیٹی نے بل پر ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی اور 15 دنوں میں رپورٹ طلب کرلی۔