عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات نہ ہوسکی،24گھنٹے تک انتظار،پھر معاملہ ختم:تحریک انصاف:مذاکرات کا اب کوئی فائدہ نہیں:وزیر دفاع
راولپنڈی،اسلام آباد، لاہور (خبر نگار ، سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار خصوصی ، دنیا نیوز ، نیوز ایجنسیاں )بانی پی ٹی آئی سے تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کو ملاقات کی اجازت نہ ملی،تحریک انصاف نے کہا ہے کہ 24 گھنٹے تک انتظار کیا گیا ، پھر معاملہ ختم ہو گیا ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مذاکرات کا اب کوئی فائدہ نہیں ۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت صرف بہنوں کوملی ۔
منگل کو اڈیالہ جیل میں بانی سے ملاقات کا دن تھا ۔ اس تناظر میں بانی پی ٹی آئی نے جیل حکام کو سات افراد پر مشتمل فہرست دی جو پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی ارکان کے ناموں پر مشتمل تھی لیکن طے شدہ طریقہ کار کے مطابق منگل کو ملاقات کے وقت بارے وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل چو دھری کو کوئی اطلاع نہیں ملی ۔فیصل چودھری وکیل نے کہا حکومت میں شامل کچھ شر پسند عناصر مذاکرات کو سبو تاژ کر کے جمہوریت آئین و قانون کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کا راستہ روکنے کی کوششوں میں ہیں۔درخواست میں مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کھلے ماحول میں کرانے کی استدعا کی گئی تھی۔بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ نہ آنا قابل تشویش ، مذاکرات تعطل کا شکار نہیں ہوناچاہئیں۔ ہمارے دو نکات ہیں ، ایک 9 مئی اور 26نومبر واقعہ پر جوڈیشل کمیشن بنانا دوسرا بے گناہ کارکنوں کی رہائی ہے ۔رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہم نے آزادانہ ماحول میں بانی سے ملاقات کرانے کا کہا تھا، بانی پی ٹی آئی سمیت تمام اسیران کورہا کیا جائے ، مطالبات تحریری شکل میں نہ ہونے پرمذاکرات تاخیرکا شکارنہیں ہونے چاہئیں، نومئی،26 نومبر پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے ، کسی رکاوٹ کے بغیر بانی سے ملاقات کرائی جائیگی تو حکومت کی سنجیدگی کا علم ہوگا۔شبلی فراز نے کہا تحریک انصاف نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی پر بات کی، بانی پرسیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے ، القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ نہ آنے پر تشویش ہے ،تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص نے کہا مذاکراتی کمیٹیوں کے دوسرے اجلاس میں بتایا تھابانی پی ٹی آئی سے ملانا کتنا اہم ہے بانی سے ملاقات نہ کروائی گئی توتیسری نشست کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ویڈیو بیان میں کہا مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کیلئے پیشرفت نظرنہیں آرہی۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات نہ کرانے کی ذمہ داری حکومت کی ہے ، حکومتی مذاکراتی ٹیم نے ملاقات کی یقین دہانی کرائی تھی ، اڈیالہ جیل کے لان میں ملاقات کرائی جائے ،وہاں چھوٹے کمرے میں ملاقات پرشولڈر ٹو شولڈر بیٹھنا پڑتا ہے ، اس پر کیمرہ لگا ہوتا ہے ، مشکل سے چار لوگ بیٹھ پاتے ہیں ، ملاقات سے پہلے انگوٹھی،چشمہ بھی چیک کیا جاتا ہے ، ہم نے کہا تھا ملاقات کرا دیں اور اگلے دن مذاکراتی ٹیم کے ساتھ بٹھا دیں ، پی ٹی آئی کے 46 لاپتہ افراد کی لسٹ دی ہے ،ہمیں امید تھی سوموار یا منگل کو ملاقات کرا دی جائیگی ، بانی کو پہلے تین سال ، پھر دو سال اور پھر چھ ماہ کی آفر تھی کہ باہر چلے جائیں اور خاموش رہیں ، آفر حکومت سے بالا بالا آتی ہے ۔اگر حکومت دنوں نہیں گھنٹوں میں ملاقات نہیں کراتی تو کمیٹی بھی آگے نہیں چلنا چاہے گی ، ہم فضول نہیں بیٹھے کہ انتظار کرتے رہیں ، یہ کوئی طریقہ نہیں ۔ پروگرام میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ملاقات کا طریقہ آئین وقانون میں درج ہے ، جیل مینئول کے مطابق ہی ملاقا ت ہو سکتی ہے ، جو ماحول مانگا جا رہا ہے اس میں ایڈمنسٹریٹو مسئلہ ہو گا ، ہمیں تو جیل میں وکلا سے بھی نہیں ملنے دیا جاتا تھا انہیں تو بہتر ماحول دیا جا رہا ہے ، بانی کو 9 مئی پر معافی مانگ کر طرز سیاست کو بدلنا ہو گا ، بانی کی رہائی کا ایک ہی طریقہ ہے وہ اصل رسیدیں دکھائیں ۔ عمران خان کو آفرز کی صرف کہانیاں ہیں، میں نہیں مانتا۔تالی ایک ہاتھ سے نہیں دونوں ہاتھ سے بجتی ہے ۔ مذاکرات تب کامیاب ہوتے ہیں جب وہ غیرمشروط ہوں، بانی ناقابل بھروسہ لیڈران پریقین نہیں کیا جاسکتا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گزشتہ رات عمران خان کی سامنے آنے والی ٹوئٹ کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات معطل ہو چکے ، اب یہ لاحاصل ہیں۔ پی ٹی آئی جو پیشکش کیے جانے کی بات کر رہی ہے ، قطعی طور پر ایسی کوئی بات ابتک نہیں ہوئی۔وزیراعظم کے سیاسی مشیر پنجاب مسلم لیگ ن کے صدر رانا ثنا اﷲ خان نے دنیا نیوز سے گفتگو میں کہا آفرز کی صرف کہانیاں ہیں، میں نہیں مانتا،ہم عدالتی معاملات میں تو مداخلت نہیں کر سکتے ، بانی سے ملاقات میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے اسے دیکھ رہے ہیں لیکن یہ جیل معاملات پر شرائط نہ لگائیں ۔ ایک سوال پر کہا ہماری پہلی دونوں نشستیں اچھی رہیں اب تیسری کا انحصار انکی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر ہے اس پرسپیکر قومی اسمبلی نے کردار ادا کرنا ہے وہ بہتر بتا سکتے ہیں لیکن یہ ملاقات جلد ہو جائیگی۔ دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کرتے سینیٹر و رہنما ن لیگ عرفان صدیقی نے کہا ہم نے اعلامیہ میں کہا تھا انکی ملاقات کرائی جائیگی ، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے ، جیل معاملات وزارت داخلہ دیکھتی ہے ، مذاکرات میں ملاقات بارے سہولت فراہم کرنے کا کہا تھا ، پی ٹی آئی نے مطالبات کاکہا وہ مطالبات سامنے لائیں ، انکی ڈیمانڈ ملاقات تک محدود نہیں ، جیل مینول سے ہٹ کر ملاقات نہیں ہو سکتی ، کمیٹی بن گئی ملاقات کرا دی گئی ، وہ شاید سپیشل ملاقات کا کہہ رہے ہیں ،اسلئے تاخیر ہو رہی ہے ، ہم نے اصولی بات کی ہے کہ باہر کے عناصر کو عمل دخل کی اجازت نہیں دی جائیگی ، اندر کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے ، انکا ساتھی کوئی بیان داغ دے تو کچھ اور بات ہے ، انہیں یقین نہیں ہے کہ وہ جو بات کر کے جائینگے عمران خان اسے قبول کرینگے ، اسلئے وہ لکھ کر دینے سے قاصر ہیں ۔