مریم نواز ہیلتھ کلینک کا افتتاح ،ڈائیلسز مریضوں کے فنڈ میں3لاکھ اضافے کا اعلان

مریم نواز ہیلتھ کلینک کا افتتاح ،ڈائیلسز مریضوں کے فنڈ میں3لاکھ اضافے کا اعلان

لاہور (دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں اپنی نوعیت کے پہلے مریم نواز ہیلتھ کلینکلانچ کردیا، پنجاب بھر میں 150 مراکز صحت مریم نواز ہیلتھ کلینک میں تبدیل ہونگے ۔

وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں سے مریضوں کی خدمت کا عہد لیا اورپنجاب بھر میں ڈائیلسز کے مریضوں کے لئے سالانہ فنڈمیں 3لاکھ روپے کا اضافہ کرتے ہوئے 7 سے 10لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں موٹر سائیکل منی کلینک متعارف کرانے ، آرگن ایمپلانٹ کے لئے پراجیکٹ جلد شروع کرنے اورپنجاب بھر میں ٹائپ ون پیشنٹ کے لئے انسولین کی گھروں میں فراہمی کے پراجیکٹ کابھی اعلان کیا۔ مریم نوازشریف نے ہسپتالوں میں مریضوں کی رہنمائی کے لئے ہیلپ ڈیسک قائم اور فعال کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے 150 مراکز صحت کومریم نواز ہیلتھ کلینک میں تبدیل کرنے کے پراجیکٹ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرایک انسان کی جان بچائی، پوری انسانیت کی جان بچائی کو گائیڈ لائن بنائیں۔اکیلی ہیلتھ سسٹم ریفارمزنہیں کر سکتی، ڈاکٹروں کی مدد کی ضرورت ہے ۔مسائل بہت زیادہ ہیں راتو ں رات تبدیلی ممکن نہیں۔ 12کروڑ آبادی کے علاوہ بلوچستان،کے پی کے ، کشمیر اور افغانستان سے افراد بھی پنجاب کے ہیلتھ سسٹم سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔وسائل اور ہسپتالوں کا کم ہونا بہت بڑا چیلنج ہے ، چاہتی ہوں کہ ہیلتھ ٹیم کی سپیڈ میری سپیڈ سے بھی زیادہ ہو۔

پنجاب میں تقریباً 90فیصدادویات مفت مہیا کی جارہی ہیں۔ ہسپتال سے ادویات حتیٰ کہ انسولین کا چوری ہونا انتہائی تکلیف دہ ہے ۔سرکاری ہسپتالوں سے دوائیں بھی چوری ہوتی ہیں اور ٹیسٹ بھی باہر سے کرائے جاتے ہیں۔ نجی سکیورٹی والے ہسپتالوں میں داخل ہونے کے لئے مریضوں سے پیسے مانگتے ہیں۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ کلینک آن ویلز سے گلی محلوں میں علاج کیا جارہا ہے ، چاہتی ہوں کم از کم ایک لاکھ لوگوں کو دو ماہ کے لئے کینسر کی ادویات گھر بیٹھے ملیں۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں دنیا کی بہترین مشینری لائیں گے ۔ان کاکہناتھاکہ مریم نواز ہیلتھ کلینک میں ای سی جی، الٹراساؤنڈ اور دیگر مشینیں بھی دیں گے ، بنیادی تشخیص کے لئے سی ٹی سکین اور ایم آر آئی مشینیں بھی دیں گے ۔ پنجاب بھر میں 150 مراکز صحت مریم نواز ہیلتھ کلینک میں تبدیل ہونگے ، اعلیٰ پرائیویٹ کلینک کی طرز پر جدید ترین اور صاف ہسپتالوں میں ہر بنیادی سہولت میسر ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہر روز ایک نیا چیلنج ہوتا ہے ، صحت کی بہترین سہولیات عوام کا حق ہے ، ادویات کی فری ہوم ڈیلیوریز کی تعداد ایک لاکھ تک بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹرز کو مریم نواز ہیلتھ کلینک پراجیکٹ کے کنٹریکٹ لیٹر تقسیم کئے ۔ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو سپر سی ایمکا خطاب دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں