خیبر پختونخوا:فورسز کے آپریشنز،19خوارج ہلاک،بہادری سے لڑتے3جوان شہید

خیبر پختونخوا:فورسز کے آپریشنز،19خوارج ہلاک،بہادری سے لڑتے3جوان شہید

راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار)خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ آپریشن میں 19 خوارجیوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ بہادری سے لڑتے پاک فوج کے 3جوان شہیدہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 6 اور 7 جنوری کو کیے گئے ،پہلا آپریشن ضلع پشاور کے علاقے متنی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کی مؤثر طریقے سے نشاندہی کرتے ہوئے 8 خوارج کو ہلاک کیا، دوسرا آپریشن ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی میں کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے ، تیسرا آپریشن ضلع کرک میں کیا گیا جس میں 3 خوارج ہلاک ہوئے ، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے تین بہادر بیٹے غذر کے رہائشی 38سالہ لانس حوالدار عباس علی ، سکردو کے رہائشی 37 سالہ نائیک محمد نذیر اور غذر کے رہائشی 37سالہ نائیک محمد عثمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے ۔آپریشن کے بعد علاقے میں مزید خارجیوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رہے ، آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے 19 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسروں و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی جبکہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔انہوں نے کہا فتنہ الخوارج کی کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے پر فورسز کے اہلکاروں کی جرأت و بہادری کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں