حسان نیازی نے وردی کامذاق اڑایا:نوجوان کسی کے اقتدار کی ہوس کا ایندھن نہ بنیں:مریم
لاہور (نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاکہ حلفا کہتی ہو ں 10ماہ میں ایک بندہ سفارش پر نہیں لگایا،حسان نیازی نے وردی کا مذاق اڑایا ،نو جوان کسی کے اقتدار کی ہوس کا ایندھن نہ بنیں، مجھے اپنے بچوں پر بے حد فخر ہے ۔دوسرے اور تیسرے سال کے طلبہ کو بھی سکالر شپ دینے کے اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔
یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا پنجاب بھر میں بلاتفریق سب بچوں کو سکالر شپ مل رہے ہیں۔ہونہار سکالر شپ کو30 ہزار سے 50 ہزارتک بڑھائیں، عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے عوام پر ہی لگنا چاہیے ۔ اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے سرخرو ہوں کوئی سکالر شپ سفارش پر نہیں دیا گیا۔ ہونہار سکالر شپ کے لئے کسی بچے کا بیک گراؤنڈ اور سیاسی وابستگی کا نہیں پوچھا گیا، میرے لئے سب برابر ہیں۔ طلبہ کے لئے چیف منسٹر نہیں بلکہ ماں بن کرسوچتی ہوں۔ پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے اور ماں بچوں میں تفریق نہیں کر سکتی۔ جنوری کا پورا مہینہ بچوں کے لئے وقف کر دیا ۔ بچوں کی بات سننے اور سمجھنے کے لئے خود ان کے پاس آرہی ہوں۔ لیپ ٹاپ آچکے ہیں، جلد لیکر خود آؤں گی۔میں آپ کی چیف منسٹر نہیں بلکہ ماں کے طور پر بیٹھی ہوں۔وزیراعلی ٰنے کہاکہ نوجوان عہد کریں کچھ بھی ہو جائے وطن کے خلاف نہیں جائیں گے ۔ جلاؤ، گھیراؤ اور حملوں پر اکسانے والا آپ کا دوست نہیں ہوسکتا۔ اپنے بچے گھر محفوظ رکھیں اور دوسروں کے بچوں کو اکسائیں یہ کہاں کی سیاست ہے ۔ آنکھ بند کرکے ہر بات پر یقین نہ کریں، ہر امر کے بارے میں تحقیق کریں۔ جو بچے دوسروں کے بہکاوے میں آگئے آج وہ جیل میں ہیں،ان کے ماں باپ پر کیا گزرتی ہوگی۔
بچوں نے معافی مانگی اور باہر آئے اور اگرکچھ غلط نہیں کیا تو معافی کیوں مانگی۔ کسی کے اقتدار کے لالچ کا ایندھن نہ بنیں۔ سوچتی ہوں احسان نیازی کے والد اور والدہ کے دل پر کیا گزرتی ہوگی۔فوجی وردی کو ڈنڈے پر ٹانگ کر تضحیک کرنے والے کو دس سال قید ہوئی،جب رہا ہوگا تو دنیا بدل چکی ہوگی۔وردی والے آپ کے لئے جانیں قربان کرتے ہیں تضحیک برداشت نہیں۔ ہسپتال میں پولیس اور رینجرز کا کوئی ایسا نوجوان نہیں تھا جس کی سر کی ہڈی نہ توڑ ی گئی ہو۔ مشکل ہو تو پولیس کو ہی پکارا جاتا ہے ۔ دنیا کی کون سی سیاست کسی سے زندگی چھینناسکھاتی ہے ۔ کون آپ کے لئے کام کررہا ہے ،یہ سوچنا آپ کا کام ہے ۔ بہتان لگانا دین میں بڑے گناہ کے مترادف ہے ۔ میں کہتی ہوں مکافات عمل ہے جو آپ بھگت رہے ہیں۔ آپ کی حکومت نہیں ہے تو پولیس والوں کو مارو۔ فوج ساتھ ہے تو اچھی ہے نہیں ہے تو بری ہے ۔ مریم نوازنے کہاکہ عہد کریں کوئی بچہ جلاؤ گھیراؤ کی آواز پر لبیک نہیں کہے گا۔ اگر انتقامی کارروائیوں پر وقت صرف کروں گی تو عوام کی خدمت کیسے کروں گی۔ مخالفین کا گریبان پکڑنا سکھاؤ ں تو پنجاب کے گلی محلے کون صاف کرائے گا۔ دنیا میں خود کو مہذب قوم کے طورپر متعارف کرانا چاہتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے ہر بچہ،بچی سر اٹھا کر چلے گا،خوب پڑھے گا، ترقی کرے گا۔