ن لیگ فیصلہ سازی پرہوش کے ناخن لے :حسن مرتضیٰ
لاہور،ننکانہ صاحب (سپیشل رپورٹر،صباح نیوز)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ن لیگ کو فیصلہ سازی پر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ،ہماری حمایت سے حکومت قائم ہے اگر وہ اہم فیصلوں پر اعتماد میں نہیں لیتی تومنفی فیصلے بھگتنا پڑیں گے۔
من پسند فیصلے دوریاں بڑھا رہے ہیں۔ایک قیدی چھڑانے کیلئے سب سے بڑا این آر او کیا جا رہا ہے ۔مذاکرات ہونے چاہئیں۔سودے بازی یا این آر او نہیں ہونا چاہیے ۔وہ پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں رہنمائوں ارشد جٹ،عائشہ نواز ،فائزہ ملک ودیگررہنمائوں کیساتھ پریس کانفرنس کررہے تھے ۔حسن مرتضیٰ نے کہا میڈیا کے سامنے مذاکرات اور اندر بیٹھ کر این آر او مانگنا سودے بازی ہے ، کسی این آر او کا حصہ نہیں بنیں گے ، کسی بھی قیدی کو چھوڑنے کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے ۔حسن مرتضیٰ نے کہا عہدوں کو فعال بنانے کیلئے پورے پنجاب کے دورے کرینگے ۔ گوجرانوالہ کے 2اضلاع کا اگلے ہفتے دورہ کیاجائیگا یوتھ کو فعال بنانے کیلئے محسن ملہی کی زیرقیادت کمیٹی بنا رہے ہیں۔حسن مرتضیٰ نے ضلعی جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی ننکانہ صاحب رانا علی اصغر کے انتقال پر گھرجاکر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیااورمیڈیاسے گفتگو میں کہا عوام کاسیاسی جماعتوں اورنظام پر اعتبار اٹھ رہا ہے ،مسائل کے حل پرتوجہ نہیں دی جارہی، کوئی حکومت بچانے ،کوئی گرانے میں لگا ہوا ہے ،صوبوں میں خون خرابہ ہورہا ہے ۔پی ٹی آئی نہیں چاہتی مذاکرات کامیاب ہوں،یہ ایک شخص کو جیل سے نکالنے کی کوشش ہے ۔حسن مرتضیٰ ٹکٹ ہولڈر پی پی133 مہر شکیل الرحمٰن کی رہائشگاہ پر بھی گئے اور ان سے والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ۔