سندھ میں سرکاری سطح پر بھتہ وصولی،تاجروں سے گفتگو میں بلاول کا لہجہ دھمکی آمیز:ایم کیو ایم:بیان غیر سنجیدہ،خالد مقبول بو کھلاگئے:پی پی پی
کراچی ، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز، ایجوکیشن رپورٹر )ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ میں بھتہ سرکاری سطح پر لیاجارہا ،تاجروں سے گفتگو میں بلاول کا لہجہ دھمکی آمیز تھا ، جبکہ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ایسے بیانات کو سنجیدہ نہیں لیتے ،خالد مقبول بوکھلا گئے ۔
ایم کیوایم رہنماؤں فاروق ستار، مصطفی کمال کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول نے کہاتینوں صوبوں میں حکومتیں تبدیل ہوتی رہیں مگر سندھ میں جمہوریت کے نام پر 15 سال سے ایک جماعت کی حکومت ہے ۔گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ سندھ، بلاول بھٹو نے تاجروں کو دعوت دی تھی، ہماری خوش فہمی تھی یہ تاجروں سے معذرت بھی کریں گے ، تاجروں سے ملاقات میں ان کا لہجہ دھمکی سے کم نہیں تھا۔خالد مقبول نے کہا کہ ان کو بڑی تکلیف ہے کہ تاجروں نے گلہ کہیں اور جا کر کیا، تاجروں نے جو گلہ کیا اس کا جواب دیں گے ؟ انہوں نے کہا کہ آپ کہتے ہیں پرچیاں آنا بند ہو گئی ہیں، روزانہ کی بنیاد پر بھتہ طلب کیا جارہا ہے نہ دینے پر روز قتل کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین ایم کیو ایم نے کہا کہ لیاری گینگ وار سے تعلقات کے بارے میں پوری دنیا کو پتا ہے ، اب بھتہ سرکاری سطح پر وصول کیا جا رہا ہے ۔ خالد مقبول نے سندھ حکومت کا نام لیے بغیر بھتہ لینے کا الزام عائد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کا سرکاری سطح پر پانی بیچا جا رہا ہے ۔بلاول بھٹو کو تاجروں کے سامنے شرمندہ ہونا چاہیے تھا، آپ نے لیاری گینگ وار کے ذریعے شہر کو یرغمال بنایا۔ پیپلز پارٹی نے 50 سال پہلے کوٹہ سسٹم بنایا تھا، پیپلز پارٹی کو کسانوں کا کوئی خیال نہیں، آپ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہر کو تباہ کر رہے ہیں۔خالد مقبول نے کہا کہ جعلی ڈومیسائل کے معاملے پر ہم نے عدالت کو شواہد فراہم کیے ، مصنوعی اکثریت سندھ پر حکومت کر رہی ہے ، بلاول نے تاجروں سے ملاقات میں سٹریٹ کرائمز، بچوں کے اغوا پر معافی کیوں نہیں مانگی۔پنجاب یونیورسٹی شعبہ گرافک ڈیزائن کے زیر اہتمام برٹش کونسل و دیگر اداروں کے اشتراک سے ‘لاہور میں سینما کے سو سال مکمل ہونے پرپہلی تین روزہ بین الاقوامی آرٹس کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی آکر معلوم ہوا کہ حالات ایسے نہیں کہ ہم میوزک، کلچر یاسینما پر بات نہ کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسی تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے طلباء اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔سندھ کے سینئرصوبائی وزیر،وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالدمقبول صدیقی کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم اپنی مردہ سیاست زندہ کرنے کیلئے پی پی پر تنقید کرتی ہے ۔ ایم کیوایم کراچی کیلئے ماضی کاڈراؤناخواب بن کررہ گئی ہے ، ایم کیوایم تنقید اس لیے کرتی ہے کہ جوابی تنقیدسے اس کاسیاسی قدبڑھے ۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کے کسی رہنماکے بیان کوہم سنجیدہ نہیں لیتے ، تاجروں نے شکریہ ادا کیا کہ اب ان کو بھتے کی پرچیاں اور بوری بند نعشیں نہیں ملتیں ، ان سے قربانی کی کھالیں نہیں چھینی جاتیں ، روز روز ہڑتالیں نہیں ہوتیں۔