پی ٹی آئی نے 8فروری کواحتجاج کیا تو26نومبر دہرایا جائیگا:وزیر داخلہ
لاہور(دنیا نیوز،نیوزایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 8فروری کو احتجاج نہ کرے ،اگرانہوں نے اس درخواست کو قبول نہ کیا تو پھر ایسا ہی ہو گا جیسا 26نومبرکو ہوا تھا، پاک امریکا کے تعلقات بہت اچھے ہیں،میں اسی سلسلے میں امریکا گیاتھا، نادرا، پاسپورٹ دفاتر اور ایف آئی اے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات ہوں گی۔
لاہور میں پیکو روڈ پر نادرا سنٹر کے دورے کے موقع پر گفتگوکے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سے درخواست کریں گے کہ 8 فروری کو احتجاج نہ کریں،اس روز لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کا میچ ہورہاہے ، اگر انہوں نے 26 نومبر کی طرح ہماری بات نہیں مانی تو پھر وہی کریں گے ۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ غیر ملکی مہمانوں کے پاکستان آ نے پر احتجاج اور دھرنوں کو ترجیح دی جس سے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا ہے ،اس سیاسی جماعت نے اپنی سیاست کو چمکانے کیلئے جلاؤ گھیراؤ اور انتشار کو فروغ دیا ،اس سیاسی جماعت کی سوچ تعمیری نہیں بلکہ ملک کی عزت کو داؤ پر لگانے والی ہے ۔محسن نقوی نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی منفی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،پاکستان کے امریکہ کے ساتھ بہت اچھے تعلقات اور ان دوستانہ تعلقات میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے ،حالیہ پاکستانی وفد کے امریکہ کے دورے سے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا اور پاکستان کیلئے مستقبل میں اچھے دن آ رہے ہیں ۔ اپنے دورے کے دوران متعدد سینیٹرز اور کانگریس کی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں، امریکہ کا دورہ کامیاب رہا جس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے ۔
غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے کشتی کے ذریعے یورپ جانے کیلئے ویزے کا غلط استعمال کرنا انتہائی غلط اورباعث تشویش ہے ، اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے ، اس میں سہولت فراہم کرنے والے ذمہ دار ہیں۔ ایف آئی اے میں بہت جلد بڑی تبدیلیاں لانے والے ہیں جبکہ انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹ مافیا کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی ہے اور بہت جلد ان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن ہونے والا ہے جبکہ حکومت نے غیر قانونی طور پر باہر جانے والوں اور بدنامی کا سبب بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے تاہم یہ دعویٰ نہیں کیا جا سکتا کہ ایجنٹ مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا، لیکن سخت کریک ڈاؤن کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ نادرا کے مراکز کو منظم بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، پاسپورٹ کی بروقت ترسیل کا نظام بہتر کرنے کا واحد حل پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام ہی ہے ، اس حوالے سے وزیراعظم سے بھی بات ہو چکی ہے اور اب پاسپورٹ دفاتر یا نادرا کے کام میں کسی بھی قسم کی کوئی تاخیر نہیں ہو رہی ۔ ملک کے دیگر 14بڑے شہروں میں نادراآفسزمیں پاسپورٹ کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے ۔