حکمران لوگوں کو ڈنڈے ، گولی سے نہ دبائیں:عمرایوب
لاہور،راولپنڈی (نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سیاسی قیدی ہیں، لوگوں کو ڈنڈے اور گولی کے زور پر نہ دبائیں، اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔
لاہور میں عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے متنازع پیکا ایکٹ اور ڈیجیٹل نیشن بل کیلئے ووٹ دیا، ایسے متنازع قوانین پاس کرنے پر اس کو شرم آنی چاہئے ، ہم نے سینیٹ اورقومی اسمبلی میں دونوں بلوں کی بھرپور مخالفت کی،یہ چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے نہ ہو،پنجاب کی انتظامیہ پی ٹی آئی کو جلسہ نہیں کرنے دے رہی۔ مہنگائی عروج پر ہے ، بلوچستان میں حالات خراب ہیں، معاشی حالات ٹھیک نہیں، سرمایہ کاری کیسے آئے گی۔ پنجاب پولیس کچے کے ڈاکوؤں کا مقابلہ نہیں کرسکتی، پی ٹی آئی کارکنوں پر چڑھ دوڑتی ہے ،بانی پی ٹی آئی سے ہماری میٹنگ بھی نہیں کرائی جا سکی ۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو نیشنل ایجنڈا پر آنے کی دعوت دی ہے ۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہاگزشتہ روز جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت جلد ختم کی گئی، بشریٰ بی بی کو عدالت پیش نہیں ہونے دیا گیا، کمرہ عدالت میں بھگدڑ مچی، اچانک پولیس اہلکار باہر بھاگے ، نادیدہ قوتوں نے سماعت کو سبوتاژ کیا۔ انکاکہناتھاعمران خان نے کہا ہے قوم کا مینڈیٹ چوری کرنے والے کے خلاف آرٹیکل چھ لگنا چاہئے ، قاضی فائز عیسیٰ نے فراڈ الیکشن کو تحفظ دیا، پی ٹی آئی کے ساڑھے 3 سو افردکی ضمانت ہوئی لیکن کل انہیں دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا، ملک میں آئین معطل ہے ۔ ہم ملک کی خاطر مذاکرات میں بیٹھے ، حکومت بچی کھچی آزادی کو سلب کرنا چاہتی ہے ، آج آزادی اظہار رائے کو دہشتگردی بنا دیا گیا ہے ، ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، کورٹ پیکنگ نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پی ٹی آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں ، بدقسمتی ہے پاکستان میں الیکشن فراڈ کرکے اپوزیشن کو مخصوص نشستوں سے محروم رکھا گیا۔