زرعی ٹیوب ویل سولر ائزیشن پراجیکٹ کا افتتا ح:فصل کی پیداواری لاگت کم،کسان خوشحا ل ہو گا:مریم نواز

زرعی ٹیوب ویل سولر ائزیشن پراجیکٹ کا افتتا ح:فصل کی پیداواری لاگت کم،کسان خوشحا ل ہو گا:مریم نواز

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زرعی ٹیوب ویل سولرائزیشن پراجیکٹ کا افتتاح کردیا ،قرعہ اندازی کے ذریعے پہلے فیز میں پنجاب بھر میں 8ہزار ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کئے جائیں گے۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

انہوں نے پہلے فیزمیں زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کردیا۔زرعی ٹیوب ویل سولرائزیشن پراجیکٹ کے افتتاح پر پہلی قرعہ اندازی کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ یہ منصوبہ کاشتکاری میں انقلاب لائے گا،فصل کی پیداواری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی اور کاشتکار خوشحال ہو گا۔ کسان کارڈ،ایگریکلچرمیکائزیشن،ایگری انٹرن شپ سمیت ہر پراجیکٹ کاشتکار کیلئے آسانیاں اور بہتری لارہاہے ۔پہلی قرعہ اندازی میں سب سے پہلے اٹک کے محمد نوازکا نام نکلا،وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ضلع نارووال کے خوش نصیب کاشتکاروں کی لسٹ چیک کی ۔حکومت پنجاب زرعی ٹیوب ویل کیلئے 10کلو واٹ کے سولر سسٹم کیلئے 5لاکھ ،15کلوواٹ سولر سسٹم کیلئے ساڑھے 7 لاکھ اور20کلو واٹ سولر سسٹم کیلئے 10لاکھ روپے سبسڈی دے گی، چیف منسٹر زرعی ٹیوب ویل سولرائزیشن پراجیکٹ کیلئے 5لاکھ30ہزار سے زائد کاشتکاروں نے اپلائی کیا جبکہ 3لاکھ85ہزار کاشتکار قرعہ اندازی کیلئے اہل قرار پائے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے شاہی قلعہ میں ظہرانہ پر 16ممالک کے ڈیفنس ا تاشیوں سے ملاقات کی،مہمانوں میں امریکہ، روس، جرمنی، جاپان، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، لیبیا، ملائیشیا، مالدیپ، میانمار، نائیجیریا، بلغاریہ،روانڈا،تاجکستان اور فلپائن کے ڈیفنس اتاشی شامل تھے ۔

مریم نواز نے کہا کہ لاہور صرف پنجاب کا دل ہی نہیں، بلکہ پاکستان کی ثقافتی اور تاریخی روح ہے ۔لاہور کی تاریخ، ثقافت اور فن تعمیر ہماری عظیم تہذیبی وراثت کا مظہر ہے ۔بادشاہی مسجد، لاہور فورٹ اور شالامار باغ صرف عمارتیں نہیں بلکہ ایک شاندار ماضی کی عکاس ہیں۔ لاہورکا شہر روایت اور جدت کا حسین امتزاج ہے ، جو مسلسل ثقافتی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔آپ کا لاہور کا دورہ پاکستان سے وابستگی اور تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔مجھے یقین ہے کہ ہمارے مہمان اپنے وطن واپس جاکر پاکستان کے سفیر بنیں گے ۔ عراق کے ڈیفنس اتاشی کرنل احمد نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو دورہ عراق کی دعوت بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی ہفتہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب سب کا ہے اور یہاں ہر شخص بلا خوف و خطر اپنی عبادات سرانجام دے سکتا ہے ، تمام مذاہب محبت، امن و رواداری کا درس دیتے ہیں جو حقیقی فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے ، عقائد کا احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہی پائیدار امن و ترقی کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کا حسین گلدستہ رہا ہے ،پاکستان خصوصاً پنجاب میں ہر شہری کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں