مریم نواز کا آسان کاروبار فنانس کی درخواستوں پر جلد عملدر آمد کا حکم

مریم نواز کا آسان کاروبار فنانس کی درخواستوں پر جلد عملدر آمد کا حکم

لاہو(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آسان کاروبار فنانس اورکارڈلون کیلئے زیر غور درخواستوں کا پراسیس جلد مکمل کرکے ان پر عملدرآمد کا حکم دے دیا ۔

انہوں نے اپنی زیرصدارت آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سے متعلق خصوصی اجلاس کے دوران پی ایس آئی سی اور بینک حکام کو ہدایت کی کہ آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ پروگرام کسی صورت نہیں رکنا چاہئے ۔وزیراعلیٰ نے ایکسپورٹ اور مینو فیکچرنگ سیکٹر لون کے لئے پلان بھی طلب کرلیا۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایاگیاکہ صرف 3ماہ میں 1لاکھ7ہزار سے زائد افراد کو 61 ارب روپے کے لون جاری کئے گئے ،پنجاب میں پہلی مرتبہ 90روز میں 57913نئے کاروبار شروع ہونے کا ریکارڈ بن گیا۔نئے کاروبار شروع کرنے کیلئے 23ارب 91کروڑ روپے کے قرض جاری کئے گئے ،پہلی مرتبہ 6753 خواتین نے کاروبار چلانے کیلئے 3 ارب 42کروڑ روپے کے لون لے لئے ہیں ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آسان کاروبار کارڈ اب واٹس ایپ کے ذریعے بھی ایکٹیو کیا جا سکے گا ۔

ایم ڈی پی ایس آئی سی سارہ عمر نے بتایاکہ چیف منسٹر آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 3010افراد کو18 ارب روپے کے لون جاری کئے جبکہ چیف منسٹر آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت ایک لاکھ4ہزارافراد کو43ارب روپے کے قرض کا اجراء کیاگیا۔ سروسزایگری کلچر، ڈیری،فوڈ،بیوٹیشن،آٹو،فرٹیلائزر،پیسٹی سائیڈاوردیگر کاروبار کے لئے بھی لون حاصل کرنے کا رجحان پیدا ہواہے ۔جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور کے اضلاع میں کاروبار کے لئے لون لینے والوں کا تناسب زیادہ ہے ۔ مریم نواز نے ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن ڈے پراپنے پیغام میں کہاہے کہ جدید دنیا میں ترقی کی دوڑ صرف وہی قومیں جیتتی ہیں جو ٹیلی کمیو نیکیشن اور ٹیکنالوجی کو اپنا ہتھیار بناتی ہیں۔ ٹیلی کمیونیکیشن محض رابطے کا ذریعہ نہیں یہ علم، معیشت، گورننس، صحت اور تعلیم کو نئی بلندیوں تک لے جانے کاذریعہ ہے ۔ہر طالب علم کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ، ہر گاؤں میں انٹرنیٹ اور ہر ادارے میں ای فائلنگ سسٹم مشن ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں