الیکشن کمیشن:تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی بھی نااہل
اسلام آباد(وقائع نگار،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے ون کے رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کو بھی نااہل قرار دے دیا۔ این اے ون چترال کی نشست کو خالی قرار دے دیا گیا۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، فیصلے میں بتایا گیا کہ عبداللطیف چترالی کو انسداد دہشت گردی عدالت سے 10 سال قید کی سزا ہو چکی ہے ،رکن قومی اسمبلی کو آرٹیکل 63 (ون) (ایچ) کے تحت نااہل کیا۔قبل ازیں الیکشن کمیشن نے منگل کو عبداللطیف چترالی کی نااہلی کے کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی تھی، جس کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ آئین کے مطابق دوسال سے زائد سزا پرممبر اسمبلی نااہل ہوگا۔وکیل صفائی فضل الرحمٰن نے دلائل دیئے کہ عبداللطیف کے شریک ملزمان کی حد تک فیصلہ کالعدم ہو چکا ہے ۔رکن الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا نے کہا کہ عبداللطیف اشتہاری ہیں، کیا آپ اشتہاری کی جانب سے جواب جمع کرانے کے مجاز ہیں؟ ۔وکیل نے کہا کہ انہیں ہائیکورٹ سے عبوری ریلیف مل چکا ہے ۔رکن الیکشن کمیشن نے کہا کہ کہاں ہے وہ ہائیکورٹ کا آرڈر؟ کس دن عبوری ریلیف ملا بتا دیں، ہم منگوا لیتے ہیں۔
وکیل نے کہا کہ موقع دیا جائے ، جواب جمع کرا دوں گا، وکیل درخواست گزار نے عدالتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی منتخب ممبر کو عدالت سے سزا کے بعد الیکشن کمیشن یا سپیکر کیس کا جائزہ نہیں لے سکتا، الیکشن کمیشن فیصلے پر معاونت کے بجائے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا پابند ہے ۔عبداللطیف چترالی کی نااہلی کے لیے فضل الرحمٰن نامی شہری نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر رکھی ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹر اعجاز چودھری، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر اور ایم این اے احمد چٹھہ کو گزشتہ روز نا اہل قرار دیا تھا ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلوں کے بعد تینوں نااہل قرار پائے ، الیکشن کمیشن نے تینوں نشستیں خالی قرار دیدیں۔ادھر الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کے خلاف سالانہ گوشواروں سے متعلق کیس کی سماعت 5 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے ان سے اگلی سماعت پر نوٹس کا جواب طلب کر لیا۔منگل کو قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کے خلاف اثاثہ جات کے سال 2024 کے گوشواروں کے کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی۔ عمر ایوب خان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے ۔الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ سے درخواست نمٹانے کے حوالے سے غلط بیانی کی گئی۔
۔