وزیراعظم سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا، متحدہ عرب امارات کی قیادت کیلئے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں سے باہمی احترام، دوستی اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں،متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران کے آئندہ دورہ پاکستان کا منتظر ہوں، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کے لئے اہم شعبوں میں یو اے ای کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔