رانا تنویر حسین سے برازیلی سفیر کی ملاقات ، لائیو سٹاک سیکٹر میں تعاون پر اتفاق
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور برازیلی سفیر اولینتھو ویرا کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ڈیری اور لائیو سٹاک سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی ملاقات میں رانا تنویر حسین اور اولینتھو ویرا نے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز پر بھی دیا اورملاقات میں پاکستان اور برازیل کے درمیان لائیو سٹاک، ڈیری، گوشت اور زرعی خوراک کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ کہ پاکستان ڈیری سیکٹر میں برازیل کے استوائی ماڈل کو اپنانا چاہتا ہے جب کہ لائیو اسٹاک اور گوشت کی برآمدات میں برازیل عالمی رہنما ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان برازیل مشترکہ ورکنگ گروپ کے تعاون سے پیداواری لاگت کم اور معیار بہتر ہوگا، جبکہ حلال گوشت کی عالمی منڈی میں پاکستان کا حصہ بڑھانا ترجیح ہے۔
دوسری جانب برازیلی سفیر کا کہنا تھا کہ برازیل نے تحقیق اور ادارہ جاتی اصلاحات سے زرعی انقلاب برپا کیا اور پاکستان کے ساتھ لائیو سٹاک و ڈیری میں تعاون کا خواہاں ہے، تاہم برآمدات کے لیے بیماریوں پر قابو اور معیار کی بہتری بنیادی شرط ہے۔