سربراہ پاک بحریہ سے رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر کی ملاقات

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی نے ملاقات کی ہے، جس میں پیشہ ورانہ رابطوں اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر رائل بحرین نیول فورس نے نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں پر یہ ملاقات ہوئی، نیول چیف نے رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر کا ہیڈکوارٹر آمد پر استقبال کیا، اس کے بعد پاکستان نیوی کے دستے نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بعد ازاں مہمان نے پاکستان نیوی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار پر پھول چڑھائے، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سمندری سلامتی اور دو طرفہ بحری تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں فریقین نے پیشہ ورانہ رابطوں اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے مضبوط اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں