بار کونسلز کا وزیراعلیٰ پنجاب سے جسٹس عالیہ نیلم کیخلاف بیان فوری واپس لینے کا مطالبہ

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے پراپرٹی اونرشپ آرڈنینس پر عمل درآمد روکنے کے معاملے پر پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار اور پنجاب بار کونسل نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان سے چیف جسٹس کے خلاف بیان فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار، پنجاب بار کونسل، لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کا اعلان کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب پراپرٹی اونر شپ آرڈیننس پر عملدرآمد روک دیا، قبضے واپس

ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا پراپرٹی اونرشپ آرڈنینس پر عمل درآمد روکنے کا فیصلہ بلکل درست ہے، حکومت پنجاب اپنا قبلہ درست کرے، وزیر اعلی مریم نواز ہوش کے ناخن لیں۔

وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل ذبیح اللہ ناگرہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چیف جسٹس عالیہ نیلم سے متعلق بیان واپس لیں، پنجاب حکومت چیف جسٹس عالیہ نیلم کے خلاف پراپیگنڈا بند کرے۔

یہ بھی پڑھیں: پراپرٹی قانون کی معطلی عدلیہ کے طے کردہ مسلمہ اصولوں کے مطابق نہیں: مریم نواز

لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے خلاف پنجاب حکومت کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔

مزید برآں وکلا تنظیموں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم پراپرٹی اونرشپ آرڈنینس کو کلعدم قرار دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں