عمران کی ضمانت اپیلیں، سپریم کورٹ کا 3رکنی بینچ سماعت کریگا

عمران کی ضمانت اپیلیں، سپریم کورٹ کا 3رکنی بینچ سماعت کریگا

اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ، خبر نگار ،دنیا نیوز)سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 9 مئی کیسز میں دائر ضمانت اپیلوں پر سماعت کرنے والا بینچ 3 رکنی بنا دیا گیا، ضمانت کی اپیلوں پر 12 اگست کو سماعت ہوگی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

جس میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہوں گے ۔قبل ازیں عدالت نے وکیل سلمان صفدر کی استدعا پر کارروائی 12 اگست تک ملتوی کی تھی۔نو مئی کیسز میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت کے معاملے پر سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت وکیل صفائی سلمان صفدر کی درخواست پر ملتوی کر دی گئی۔چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیلوں پر سماعت کی۔چیف جسٹس نے سماعت کے آغاز پر کہا کہ کیس میں التوا کی درخواست آئی ہے ۔عدالت نے اگلے ہفتہ کی تاریخ دینے اور نوٹس کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے مقد مہ کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان ، احمد خان بھچر اور احمد چٹھہ سمیت تمام57 ملز موں میں سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا۔ اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں وکیل صفائی نے ایک اور گواہ پر جرح مکمل کر لی۔ سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا ۔توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی نے گواہ محسن حسن پر جرح مکمل کی۔ کیس میں مجموعی طور پر 10 گواہان کے بیانات قلمبند اور ان پر جرح بھی مکمل کر لی گئی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید تین گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا، ان میں نیب کے گواہان آفتاب، حسنین اور مجسٹریٹ مرتضیٰ کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے ،مزیدسماعت 2 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں