کل ملک بھر میں پر امن احتجاج، ہمارے 39 ایم این ایز نااہل ہونیوالے ہیں : بیرسٹر گوہر
پشاور، صوابی، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، دنیا نیوز، سیاسی نمائندہ)تحریک انصاف کل منگل کو ملک بھر میں پر امن حتجاج کرے گی، عمران خان کی 5 اگست 2023 کو گرفتاری کے تناظر میں5اگست کے دن کویو م سیاہ کے طور پر بھی منایا جائے گا ۔تحریک انصاف کے مطابق ملک بھر میں جگہ جگہ احتجاج ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پشاور میں ریلی کی قیادت کریں گے جبکہ تمام اضلاع میں ریلیاں نکالی جائیں گی،مردان، صوابی اور نوشہرہ کے قافلے صوابی انٹرچینج پر جمع ہوں گے ۔ اسلام آباد میں جلسے کے بجائے ہر ضلع میں احتجاج کیا جائے گا۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پانچ اگست کو پشاور میں حیات آباد ٹول پلازہ سے قلعہ بالا حصار تک ریلی نکالی جائے گی ۔پشاور اور خیبر کے اضلاع سہ پہر ساڑھے تین بجے حیات آباد ٹول پلازہ، رنگ روڈ سے قلعہ بالا حصار، پشاور تک گنڈا پور کی قیادت میں ریلی میں شرکت کریں گے ۔وزیراعلیٰ گنڈاپور نے کہا ہے کہ 5 اگست کو پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی نکالیں گے ، ریلی رنگ روڈ سے ہوتے ہوئے قلعہ بالا حصار پر اختتام پذیر ہوگی، جو اس احتجاج میں شامل نہیں ہوگا وہ دوسروں کو بھی غلام بنانے میں شامل ہوگا، آپ نکلیں کیا ہوتا ہے کس طرح ہوتا ہے وہ بعد میں دیکھیں گے ۔پی ٹی آئی کے 5 اگست کے احتجاج کے حوالے سے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہر وہ شخص جو عمران خان اور حقیقی آزادی کی تحریک کے ساتھ ہے وہ شامل ہو۔تحریک کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک عمران خان کو رہا نہیں کردیا جاتا، انہوں نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے ہر ضلع اور ہر گاؤں سے ریلیاں نکالی جائیں، حیات آباد ٹول پلازہ سے میں خود ریلی کی قیاد ت کروں گا۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے 39 ایم این ایز نااہل ہونیوالے ہیں۔ بونیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی تناؤ کم کرنے کی ضرورت ہے ، بشریٰ بی بی پر جھوٹے کیسز بنائے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔ ہماری سیاست کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے ۔سزاؤں پربیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ فیصلے سے تحریک انصاف کو دھچکا لگا، پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں یا بائیکاٹ پر غور کرے گی۔کل عمران خان کی کال پر پورے ملک سے لوگ نکلیں گے ۔ جہاں جو لیڈر شپ موجود ہے ، وہی لیڈ کرے گا۔ ، میں بونیر سے احتجاج کو لیڈ کروں گا۔ دوسری جانب اسد قیصر نے واضح کیا ہے کہ احتجاج کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے ۔ 5اگست یومِ سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری کو دو سال مکمل ہو رہے ہیں۔صوابی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک پرامن انداز میں جاری رہے گی۔
اسد قیصر نے کہاکہ ہم ججز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے کھلی عدالتوں میں میڈیا کی موجودگی میں میرٹ پر فیصلے کریں۔اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ کے حوالے سے بیان کہ کارکردگی دکھا نہیں سکتے تو استعفیٰ دیں کی تصدیق نہیں ہوئی ۔پی ٹی آئی شانگلہ کے صدر لیاقت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 5 اگست کو شانگلہ کا بچہ بچہ اور نوجوان عمران خان کی رہائی تحریک کا حصہ بنے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے استعفیٰ مانگنے کی خبروں کی تردید کردی اور کہا ہے کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کے استعفے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ 5 اگست کا احتجاج کوئی احتجاجی تحریک نہیں، ہر ضلع اپنے اپنے طور پر احتجاج کرے گا، بانی کی طرف سے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کی کوئی ہدایات نہیں آئیں۔