الیکشن کمیشن کا بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم کرنے سے انکار
انٹرا پارٹی الیکشن کیس زیر التواء لاہور ہائیکورٹ سے سٹے آرڈر بھی لے رکھا آپکو بطور چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم نہیں کیا جا سکتا:الیکشن کمیشن کا جوابی خط
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین تحریک انصاف تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کے خط کا جواب دے دیا۔خط کے جواب میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ آپ نے 13 نومبر کو درخواست کی کہ آزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت تسلیم کی جائے ۔پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشنز کیس زیر التواء ہے لاہور ہائیکورٹ سے سٹے آرڈر پی ٹی آئی نے لے رکھا ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق آپ کو بطور چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم نہیں کیا جا سکتا اور آپ کو کوئی قانونی حق بھی حاصل نہیں۔ دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کا جوابی خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے معاملہ عدالت لے جانے کا اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تاحال ہمارا انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم کیا نہ ہی سرٹیفکیٹ جاری کیا۔جب ہمارے سینیٹ کے الیکشن ہوئے تو آزاد سینیٹرز نے پی ٹی آئی کو جوائن کیا وہ خط میں نے الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا ، جواب آج موصول ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ ہم انہیں تسلیم نہیں کرتے یہ بہت بدقسمتی ہے ، ہم یہ معاملہ عدالت میں لے جائیں گے ، ویسے بھی یہ زیر التوا ہے ۔ایک انٹرویو میں بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی پر پابندی کا امکان بھی رد کر دیا اور سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی رجسٹرڈ جماعت ہی نہیں تو پابندی کیسے لگ سکتی ہے ؟۔