ملک میں اسی نظام کوچلنا اور اسے ہی چلانا ہے :گورنر پنجاب
مذاکرات نہ ہونے کی ذمہ دار خود تحریک انصاف ہے کوئی اور نہیں پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا، نہیں ہونا چاہئے تھا:پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات نہ ہونے کی ذمہ دار خود تحریک انصاف ہے ، کوئی اور نہیں۔ ملک میں اس وقت جمہوریت ہے اور یہی نظام چلنا اور اسی کو چلانا ہے ،پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا، نہیں ہونا چاہئے تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہا ؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سندھ،اسلام آباد ، لاہوراور بلوچستان جہاں چاہیں ، دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں مینوفیکچرنگ فالٹ ہے ،اسے اپنے رو یے پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پختونخوا کے دورہ لاہور سے پہلے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب دونوں نے کے پی کے حکومت سے رابطہ کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ کو مکمل سکیورٹی اور پروٹوکول دیا جائے گا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسمبلیوں میں جو ماحول بنایا جاتا ہے وہ اچھی بات نہیں،اگر وزیراعلیٰ اپنے دورے پر گلہ پنجاب حکومت سے کر رہے ہیں ، تو بہت زیادہ گلہ تو خیبر پختونخوا حکومت پر بھی ہے ،سہیل آفریدی کو چاہئے کہ بانی سے ملاقات کیلئے قواعد و ضوابط پر عمل کریں ۔سلیم حیدر نے کہا کہ سیاسی سرگرمیاں ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن ایک حد تک،اپنے ملک کے اداروں کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچانا درست نہیں۔