اسحاق ڈار کا دورہ سعودی عرب، آج اوآئی سی اجلاس میں شرکت
سٹر اٹیجک پالیسی ترجیحات کیلئے پلاننگ کمیشن کو بااختیار بنائیں:نائب وزیراعظم تمام بڑے اقتصادی فیصلے قومی اقتصادی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران آج جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے ، وہ او آئی سی کے رکن ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ۔سعودی عرب روانگی سے قبل اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی اقتصادی اور ترقیاتی پالیسی سازی میں پلاننگ کمیشن کے تاریخی اور مرکزی کردار کو اجاگر کیا گیا۔اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پلاننگ کمیشن کو بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ سٹر ٹیجک پالیسی ترجیحات کے تعین اور پبلک انویسٹمنٹ کی موثر نگرانی میں قائدانہ کردار ادا کرسکے ۔ نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کو وزیرِاعظم کی براہِ راست قیادت میں ایک اعلی ٰترین ادارے کے طور پر کام کرنا چاہئے جس میں ایک مربوط پالیسی و منصوبہ بندی وِنگ اور ایک علیحدہ ترقیاتی وِنگ شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑے اقتصادی فیصلے قومی اقتصادی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں اور ان کے لئے واضح کلیدی کارکردگی اشاریے مقرر کئے جائیں تاکہ احتساب، کارکردگی اور حکومتی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکے ۔