راول جھیل کاپانی ٹیسٹ کرنیکا فیصلہ، آلودگی ذرائع کا تعین کیا جائیگا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے راول جھیل کے پانی کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔
وفاقی وزیر نے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی اور واسا کو ہدایت کی کہ راول جھیل میں داخل اور جھیل سے خارج ہونے والے پانی کے معیار کے ٹیسٹ کیے جائیں تاکہ آلودگی کے ذرائع، مقامات اور اس کی شدت کا درست تعین کیا جا سکے ۔ شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بعض نالے قریبی رہائشی علاقوں سے خارج ہونے والے سیوریج کے باعث آلودگی کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس آلودگی کے خاتمے کے لیے سملی روڈ، بری امام اور شادرہ کے مقامات پر تین سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (STPs) کی تنصیب کی منصوبہ بندی جاری ہے ۔وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اگرچہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کو پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام پر براہِ راست دائرہ اختیار حاصل نہیں تاہم وزارت اس معاملے میں متعلقہ اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔