وطن سے محبت ایمان کا حصہ،ملک کو استحکام کی اشد ضرورت:قومی یکجہتی کانفرنس
جس قدر قومی یکجہتی کی آج ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی، عوام افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ہم اتحاد اور قومی یکجہتی سے ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں:مولانا عبدالخبیر ، کاظم نقوی، کمشنر راولپنڈی و دیگر کا خطاب
راولپنڈی (خبر نگار، نیوز رپورٹر)قومی یکجہتی و پیغامِ پاکستان کانفرنس میں جید علماء کرام نے واضح کیا کہ پاکستان کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا اور عالمِ اسلام کا قلعہ ہے ۔ فتنہ الخوارج ،فتنہ الہندوستان اور انکی حمایتی قوتیں معرکہ حق کا سبق یاد رکھیں۔ فتنہ الخوارج ہو یافتنہ ہندوستان ہو کسی کو بھی پاکستان کی فوج و عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ہم اتحاد اور قومی یکجہتی کے ذریعے ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو جس قدر قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ پاکستان اللہ کی عظیم نعمت ہے اور ہم سب کا فرض ہے کہ اس کا شکر ادا کریں۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج پاکستان کو وحدت اور استحکام کی اشد ضرورت ہے اور منبر و محراب کا کردار ملک میں استحکام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کلیدی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے اندر اتحاد ہوگا تو کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ انہوں نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیانِ مرصوص کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان اور قوم نے مل کر دشمن کو واضح پیغام دیا جسے دنیا نے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے ۔
کانفرنس سے سجادہ نشین چورا شریف پیر سعادت علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اکابرین نے قیامِ پاکستان کے لیے سخت حالات کے باوجود جدوجہد کی اور قوم آج بھی عدم استحکام پیدا کرنے والوں کو سبق سکھانا جانتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم متحد ہوئی تو معرکۂ حق میں دشمن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ 10 مئی کے بعد دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا اور اپنی صلاحیتیں منوائیں۔ علامہ زیبر احمد ظہیر نے کہا کہ آج ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی قائم ہے ، جو علماء کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔کانفرنس سے مولانا چراغ الدین شاہ سمیت دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔ کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے کہا کہ قومی یکجہتی کے فروغ میں علماء کا کردار نہایت اہم ہے اور ان کی باتوں سے حوصلہ ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات نے معرکۂ حق میں متحد ہو کر کردار ادا کیا اور ان شاء اللہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالمِ اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، غزہ، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔