نوازشریف کا اسحاق ڈار کیساتھ داتا دربار کا دورہ فاتحہ خوانی کی ،چادر چڑھائی

نوازشریف کا اسحاق ڈار  کیساتھ داتا دربار کا دورہ  فاتحہ خوانی کی ،چادر چڑھائی

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ کا مزار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے اور اس مقدس مقام پر آنے والے زائرین کی خدمت ایک قومی ذمہ داری ہے ۔

 انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات، سکیورٹی، صفائی  اور سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔حضرت علی ہجویریؒ کے مزار پر دورے کے موقع پر نوازشریف نے کہاکہ داتا دربار کے تقدس، تاریخی ورثے اور روحانی ماحول کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈاربھی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ان کے ساتھ موجود تھے ۔انہوں نے مزار پر فاتحہ خوانی کی، چادر چڑھائی اور پھول نچھاور کئے اورملک و قوم کے امن، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ داتا دربار کی توسیع و ترقی کا منصوبہ ایک اہم اور تاریخی منصوبہ ہے جس کا مقصد لاکھوں زائرین کو سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں