پنکی کیس:پولیس نے منی لانڈرنگ سائبر کرائمز کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے سے مدد طلب کر لی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) انمول عرف پنکی کیس میں کراچی پولیس نے منی لانڈرنگ اور سائبرکرائمز کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے سے مدد مانگ لی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی اسد رضا نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو مراسلہ بھیج دیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی نے بتایا کہ تحقیقات میں پتا چلا پنکی کے ساتھی بینک اکاؤنٹس سے رقم کا لین دین کرتے تھے ، ملزمہ پنکی کے ساتھی مختلف بینک اکاؤنٹس میں پیسے وصول کرتے تھے ۔مراسلے کے مطابق ملزموں پر نارکوٹکس ٹریفکنگ اور مالیاتی لین دین میں ملوث ہونے کا شبہ ہے ، کیس میں سائبر اوربینکنگ ٹرانزیکشنز شامل ہونے پر ایف آئی اے کی تکنیکی مدد دی جائے ۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی اسد رضا کی جانب سے ارسال مراسلے کے مطابق بینکنگ ٹرانزیکشن کیلئے ایف آئی اے افسران کی تعیناتی کی درخواست ہے ۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ملزمہ پر کراچی کے گارڈن اور بغدادی تھانے میں 3 مقدمات درج ہیں، پنکی پر منشیات، ناجائز اسلحہ اور قتل کے کیسز زیر تفتیش ہیں۔