سی سی ڈی اہلکار کا قاتل نوما بہل پور یا مقابلے میں ہلاک
ملز م ڈنکی لگا کر بیرون ملک فرار ہو رہاتھا ،سیالکوٹ میں بھی ایک ماراگیا
جلالپورجٹاں ، سیالکوٹ ،گوجرانوالہ (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا ،کرائم رپورٹر)مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران 2 خطرناک ملزم ہلاک جبکہ 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔جلالپورجٹاں میں سی سی ڈی اہلکار کو شہید کرنیوالا قاتل مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا ، ملزم نعمان عرف نوما بہل پوریا 7مئی 2026کو کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ گجرات کے کانسٹیبل فیاض شاہ کو فائرنگ سے شہید کر کے فرار ہوا تھا ، پنجاب پولیس اور سی سی ڈی نے ضلع گوادر میں مخبر کی اطلاع پر ملزم کی گرفتاری کیلئے مشترکہ کارروائی کی تو ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ کر دی ،قاتل نعمان عرف نوما بہل پوریا مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ساتھیوں کے ہمراہ بلوچستان سے ڈنکی لگا کر بیرون ملک فرار ہو رہا تھا ۔ سیالکوٹ میں سی سی ڈی پولیس کی کارروائی کے دوران حاجی پورہ کا رہائشی ملزم فہد گھمن ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم قتل و غارت، لڑائی جھگڑوں، بدمعاشی کلچر، ناجائز اسلحہ اور مختلف جرائم پیشہ تنظیموں سے وابستہ تھا۔ تھانہ کھیالی کے علاقہ میں ریکارڈ یافتہ ملزم اویس پولیس ناکہ سے فرار ہونے کی کوشش میں زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا ، ملزم سے ناجائز اسلحہ اور ٹمپرڈ شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔