ایم ڈی پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی تنخواہ 1کروڑ 53 لاکھ
گورنر سٹیٹ بینک 40 لاکھ،صدر نیشنل بینک 90لاکھ روپے وصول کررہے
اسلام آباد(دنیا نیوز)وزارتِ خزانہ کی دستاویزات میں مختلف سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے سربراہان کی بھاری ماہانہ تنخواہوں اور مراعات کا انکشاف ہوا ہے جن میں بعض افسران کی تنخواہیں ڈیڑھ کروڑ روپے تک ہونے کاانکشاف ہواہے ۔وزارتِ خزانہ کے مطابق گورنر سٹیٹ بینک کی تنخواہ 40لاکھ جبکہ صدر نیشنل بینک کی تنخواہ 90 لاکھ روپے ہے ، پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے ایم ڈی کی ماہانہ تنخواہ 1 کروڑ 53 لاکھ 78 ہزار روپے ہے ۔دستاویزات کے مطابق چیئرمین سکیورٹی ایکسچینج اینڈ کمیشن آف پاکستان کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے 36 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ چیئرمین سی سی پی کی تنخواہ 11 لاکھ روپے ، صدر زرعی ترقیاتی بینک کی تنخواہ ساڑھے 54 لاکھ ہے۔
اسی طرح صدر ایگزم بینک کی ماہانہ تنخواہ 50 لاکھ اور صدر فرسٹ وومن بینک کی تنخواہ 22 لاکھ سے زائد ہے ، پاکستان سنگل ونڈو کے سی ای او کو ماہانہ تنخواہ ساڑھے 26 لاکھ اور 89 ہزار الاؤنس ملتا ہے ۔دستاویزات کے مطابق پرال کے سی ای او کو ماہانہ 52 لاکھ روپے تنخواہ اور تنخواہ کا 15فیصد الاؤنس ملتا ہے ۔دستاویزات کے مطابق پاک اومان انویسٹمنٹ کمپنی کے ایم ڈی کی ماہانہ تنخواہ 1 کروڑ 28 لاکھ 84 ہزار اورپاک ایران انویسٹمنٹ کمپنی کے ایم ڈی کی تنخواہ 97 لاکھ 16 ہزار روپے ماہانہ ہے ۔وزارتِ خزانہ کے مطابق پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے ایم ڈی کی تنخواہ 88 لاکھ 17 ہزار ماہانہ مقرر ہے ، انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے سربراہان کو تنخواہوں کے علاوہ مراعات بھی مل رہی ہیں۔