اسحاق ڈار سے برطانیہ کیلئے نامزد ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کی ملاقات
برطانیہ کیساتھ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے کوششیں دوگنی کی جائیں:وزیرخارجہ ٹیپو عثمان متحرک اور قابل فارن سروس افسران میں شامل، ہائی کمشنر تعیناتی اہم پیشرفت بطورچیف آف پروٹوکول وزیراعظم ،چیف آف ڈیفنس فورسز کے غیرملکی دوروں میں نمایاں رہے
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے برطانیہ میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور پاکستانی کمیونٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ٹیپو عثمان کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں دوگنی کریں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ دنیا میں مقیم پاکستانیوں کی سب سے بڑی اور فعال کمیونٹیز میں سے ایک کا میزبان ہے اس لیے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی اولین ترجیح وہاں مقیم پاکستانیوں کو بہترین قونصلر خدمات کی فراہمی ہونی چاہیے ۔ذرائع کے مطابق ٹیپو عثمان کا شمار متحرک اور قابل فارن سروس افسران میں ہوتا ہے ۔ وہ بطور چیف آف پروٹوکول دنیا کے اہم سفارتی ایونٹس میں شرکت کرتے رہے ہیں اور وزیراعظم و چیف آف ڈیفنس فورسز کے اہم غیرملکی دوروں کے دوران بھی نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔حکومتی اور سفارتی حلقوں میں ٹیپو عثمان کی برطانیہ میں بطور ہائی کمشنر تعیناتی کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔