انتخابات شیڈول کے مطابق ہونگے :چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر

 انتخابات شیڈول کے مطابق  ہونگے :چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر

مظفرآباد ، اسلام آباد( بیورو رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک)چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات طے شدہ شیڈول کے مطابق بروقت منعقد کئے جائیں گے۔

 انتخابات کے التوا سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں ، ایک بیان میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق افواہوں اور فیک نیوز پر توجہ نہ دی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کے لئے پولنگ 20 جولائی کو مقررہ پروگرام کے مطابق ہوگی، جس کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں سمیت تمام ریٹرننگ افسران کو پولنگ کا سامان پہنچا دیا گیا ، انتخابات کے دوران پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔ عام انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے ، جس کے تحت انتخابی ڈیوٹی پر تعینات سرکاری ملازمین اپنے اپنے انتخابی حلقوں کے امیدواروں کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے ،الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر بھر میں انتخابی فرائض انجام دینے والے 30 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ اس مقصد کے لیے تمام اضلاع میں ریٹرننگ افسران کے دفاتر اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں، جہاں مقررہ اوقات کے دوران پولنگ کا عمل جاری رہے گا۔ دوسری جانب عام انتخابات کے موقع پر سرکاری ملازمین کو ووٹ ڈالنے میں سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹلی نے پیر کے روز ضلع بھر میں عام تعطیل کی منظوری دے دی ہے ،اسی طرح آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی انتخابی ڈیوٹی پر تعینات سرکاری ملازمین اپنے متعلقہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز یا ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں قائم مراکز پر ووٹ کاسٹ کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...