نورین نیازی کا بیان قابل مذمت ،یہ پاکستان مخالف پرا کسیز ہیں:وفاقی وزراء

نورین  نیازی  کا  بیان  قابل  مذمت ،یہ  پاکستان  مخالف  پرا کسیز  ہیں:وفاقی  وزراء

عوام میں شدید غم وغصہ ،سیاست کی خاطر ریاست کی بے توقیری قبول نہیں،آزادکشمیر الیکشن انتہائی اہم :عطا تارڑ بیان پاکستان کی سالمیت، عزت اور وقار کے خلاف :طارق فضل ، قانونی کارروائی شروع کر دی گئی:طلال چودھری

لاہور،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزراء نے کہا کہ معرکہ حق ایک تاریخی کامیابی ہے ، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کا بیان قابل مذمت اور افسوسناک ہے ، اس کے بیانات بھارتی میڈیا کی زینت بنے ، بانی پی ٹی آئی کاخاندان پاکستان کیخلاف پراکسیز کا کردار ادا کررہاہے ،بیان پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ ، طارق فضل چودھری ،طلال چودھری نے نورین نیازی کے متنازعہ بیان پر اپنے الگ الگ ردعمل میں کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے لاہور میں تقریب کے د وران خطاب میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے اپنے بھائی کی سیاست کے پیچھے ایسے بیانات د ئیے جو بھارتی میڈیا کی زینت بنے ، ان کے بیان پر عوام میں انتہائی غم و غصہ پایا جاتا ہے ، سیاست کی خاطر ریاست کی بے توقیری قابل قبول نہیں ،پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے کی سیاست دفن ہو چکی۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنی سیاست کی خاطر پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں،پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ہمیشہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے ،آج پوری دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ،پاکستان کی عزت و وقار میں اضافے کا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے ، کشمیر بنے گا پاکستان جبکہ دنیا بھر کے کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں،ہجرت کرنے والوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور کشمیری مہاجرین کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنے دیا جائے گا،کشمیر کاز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی سازش کو بھی ناکام بنایا جائے گا،آزاد جموں و کشمیر کے آمدہ انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی فیملی پاکستان مخالف بیان کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ،نورین نیازی کے بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، یہ پاکستان کی سالمیت، عزت اور وقار کے خلاف ہے ،بھارت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص نے پوری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا، معرکہ حق سے متعلق نورین نیازی کابیان انتہائی افسوسناک ہے ۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اوران کے خاندان کاہدف پاکستان کونقصان پہنچانا ہے ،بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کے باجود پاکستان نے معرکہ حق میں فتح حاصل کی، نورین نیازی کے بیان سے ثابت ہوا یہ پاکستان مخالف پراکسیز ہیں،پی ٹی آئی نے پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کیلئے آئی ایم ایف کو خط لکھے گئے ،پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا، نورین نیازی کے بیان پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ،اسے بتانا ہوگا ایسا بیان کیوں دیا؟،ان کی دوسری بہن بھی اسی طرح کی باتیں کرچکی ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...