ہمیں بھاشن دینے والے سندھ پر توجہ دیں:عظمیٰ بخاری

 ہمیں بھاشن دینے والے سندھ پر توجہ دیں:عظمیٰ بخاری

بانی پی ٹی آئی کا شاہانہ منیو ،جان کو خطرے کا بیانیہ سیاسی پراپیگنڈا :وزیر اطلاعات اف اللہ میرے مقابلے میں تین خواتین ، تم سے نا ہو پا ئیگا، پریس کانفرنس پر ردعمل

  لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اہم وژن ہے ، انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا نیا سنگ میل ہے جس پر پوری قوم فخر اور خوشی منا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ سندھ  میں 18 سال سے حکومت کرنے والوں کو پنجاب کو گورننس کے بھاشن دینے کے بجائے اپنے صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل، بالخصوص پانی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر پر توجہ دینی چاہیے ، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولیات کے حوالے سے حقائق سب کے سامنے ہیں، ان کی جان کو خطرے کا بیانیہ محض سیاسی پراپیگنڈا ہے کیونکہ جھوٹ اور پراپیگنڈے کی بھی ایک شیلف لائف ہوتی ہے اور آخرکار سچ سامنے آ ہی جاتا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت لوکل باڈیز انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے ،ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدہ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے اور پوری قوم اس کامیابی کو فخر اور خوشی کے ساتھ منا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جسے عزت دے اسے دنیا کی کوئی طاقت ذلت نہیں دے سکتی، وزیراعظم ، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی اس سفارتی کامیابی پر خراج تحسین کے مستحق ہیں،وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جا رہی تھیں، یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ پاکستان کا کوئی فون نہیں اٹھاتا اور کوئی ملک پاکستان سے بات کرنے کو تیار نہیں، لیکن آج الحمدللہ اگر یہ کہا جائے کہ دنیا کی سیاست کا محور پاکستان بنتا جا رہا ہے تو یہ غلط نہیں ہوگا،وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں ایسے علاقے بھی ہیں جہاں پانی کی سطح بہت نیچے جا چکی ہے ، کہیں پانی دستیاب نہیں، کہیں پینے کا پانی آلودہ ہے اور کہیں سیوریج کے پانی کے ساتھ مل کر لوگوں تک پہنچتا رہا ہے ، وزیر اطلاعات نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال سے صوبے میں حکومت کرنے والوں کو پنجاب کو مشورے دینے سے پہلے اپنے صوبے کے عوام کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے دھاندلی کے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ مکمل طور پر شروع بھی نہیں ہوتی کہ ایک ہی سکرپٹ کے تحت دھاندلی کا شور شروع کر دیا جاتا ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ جن حلقوں میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوتے ہیں وہاں الیکشن کمیشن درست اور جہاں مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہوں وہاں وہی الیکشن کمیشن غلط کیسے ہو جاتا ہے ؟ وزیر اطلاعات نے بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جان کو لاحق خطرے کے حوالے سے جاری بیانیے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدے جیسی بڑی سفارتی کامیابی کے فوراً بعد بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جان کے حوالے سے ایک نئی مہم شروع ہونا سوالات کو جنم دیتا ہے ، وزیر اطلاعات پنجاب نے پیپلز پارٹی رہنماؤں کی پر یس کانفرنس پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ اف اللہ پنجاب کی کارکردگی پہ میرے مقابلے میں تنقید کرنے تین خواتین کو بھیجنا پڑا۔ وہ بھی اس صوبے کی جن سے میر رضا کے کیس کی دونمبریاں سنبھالی نہیں جارہیں،مزید کہا کہ تم سے نا ہو پائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...