ٹیکنالوجی سے جغرافیائی رکاوٹیں ختم کی جانی چاہئیں:جسٹس یحییٰ آفریدی
نظام انصاف دور دراز ، سہولیات سے محروم علاقوں کے عوام کے قریب لایا جا سکے گا بلوچستان میں ای کورٹس عوام کو سستا انصاف فراہم کرنے کی جانب اہم پیشرفت
اسلام آباد (اے پی پی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر جغرافیائی رکاوٹوں پر قابو پایا اور بالخصوص دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کیلئے نظام انصاف کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے ، بلوچستان میں ای کورٹس کا قیام عوام کو سستا، بروقت اور آسان انصاف فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے ، سپریم کورٹ کوئٹہ برانچ رجسٹری میں بلوچستان ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے چیف جسٹس یحیی آفریدی، سپریم کورٹ کے جج جسٹس ہاشم خان کاکڑ اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل کو بلوچستان بھر میں ای کورٹس کے قیام سے متعلق بریفنگ دی۔ ژوب، زیارت، گوادر، چمن، تربت، نصیرآباد اور مکران ریجن سے ججز اور وکلا برادری کے ارکان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای کورٹس کا مقصد وکلا اور سائلین کو اپنے متعلقہ اضلاع سے ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی پیروی کی سہولت فراہم کرنا ہے ، جسٹس یحیی آفریدی نے بلوچستان میں ای کورٹس کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے جغرافیائی رکاوٹیں ختم کی جانی چاہئیں تاکہ نظام انصاف بالخصوص دور دراز اور سہولیات سے محروم علاقوں کے عوام کے قریب لایا جا سکے ۔چیف جسٹس کوئٹہ سے کراچی پہنچ گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments