آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول، امریکا جہازوں کو غلط ضمانتیں دے رہا ہے: ایران
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور امریکا جہازوں کو آبنائے کے جنوبی راستے سے گزرنے کی غلط ضمانتیں دے رہا ہے۔
ایرانی خبر رساں اداروں کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی فورسز آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کو گزارنے کی امریکی کوششوں کی مزاحمت کر رہی ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ دشمن کچھ جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزارنے میں کامیاب ہوا ہے، تاہم ان کے بقول ایرانی فورسز اب بھی آبنائے پر مکمل کنٹرول رکھتی ہیں اور اسے کھولنے کی اجازت نہیں دیں گی۔
قالیباف نے کہا کہ امریکا جہازوں کو جنوبی راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی یقین دہانیاں کرا رہا ہے، لیکن یہ غلط ضمانتیں ہیں اور جو جہاز اس راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے الزام عائد کیا کہ امریکا مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے کو استعمال کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران ایسا نہیں ہونے دے گا۔
محمد باقر قالیباف نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکی بحری ناکہ بندی کو ’’فوجی اقدام‘‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ناکہ بندی مزید سخت کی تو ایران فوجی جواب دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا کا مقصد خلیج سے ایران کی تیل برآمدات روکنا ہے تو پھر ’’کوئی بھی ملک تیل برآمد نہیں کر سکے گا۔‘‘
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments