بھارت کا انوکھا ریسٹورنٹ جہاں مُردوں کے ساتھ کھانا کھایا جاتا ہے
نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی شہر احمد آباد میں ایک ایسا منفرد ریسٹورنٹ موجود ہے جہاں گاہک پرانی قبروں کے درمیان بیٹھ کر چائے، بن مکھن اور دیگر کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
لال دروازہ علاقے میں واقع لکی ریسٹورنٹ، جسے نیو لکی ریسٹورنٹ بھی کہا جاتا ہے، میں میزیں پرانی قبروں کے گرد ترتیب دی گئی ہیں، قبروں کو چھوٹی دھاتی ریلنگ سے الگ کیا گیا ہے، جبکہ انتظامیہ کے مطابق ان کی روزانہ صفائی کی جاتی اور پھولوں سے سجا کر مرحومین کا احترام برقرار رکھا جاتا ہے۔
ریسٹورنٹ کی تاریخ 1950 کی دہائی سے جڑی ہوئی ہے، جب قبرستان کے قریب ایک چھوٹا سا چائے کا سٹال قائم کیا گیا تھا، کاروبار میں وسعت کے بعد ریسٹورنٹ تعمیر کیا گیا تو قبروں کو منتقل کرنے کے بجائے انہیں اسی جگہ محفوظ رکھتے ہوئے میزیں ان کے گرد لگا دی گئیں۔
یہ ریسٹورنٹ ایک اور وجہ سے بھی منفرد ہے کہ اس کی کوئی ویب سائٹ یا سوشل میڈیا اکاؤنٹ موجود نہیں، اس کے باوجود یہ کاروبار کئی دہائیوں سے لوگوں کی زبانی تشہیر اور شہرت کے باعث قائم ہے۔
یہاں مختلف کھانے دستیاب ہیں تاہم چائے اور بن مکھن گاہکوں میں سب سے زیادہ مقبول ہیں، مقامی سطح پر ریسٹورنٹ کو خوش قسمتی سے بھی جوڑا جاتا ہے اور بعض افراد اہم مواقع، کاروباری فیصلوں یا امتحانات سے قبل یہاں چائے پینے کو خوش بختی کی علامت سمجھتے ہیں۔
ریسٹورنٹ کی ثقافتی شناخت میں مشہور بھارتی مصور ایم ایف حسین کا نام بھی شامل ہے، جو یہاں باقاعدگی سے آتے تھے، ان کی بنائی ہوئی ایک پینٹنگ آج بھی ریسٹورنٹ میں موجود ہے۔
یوں قبروں کے درمیان قائم یہ ریسٹورنٹ نہ صرف احمد آباد کی ایک منفرد جگہ بن چکا ہے بلکہ اپنی تاریخ، روایات اور ثقافتی رنگ کے باعث مقامی لوگوں اور آنے والوں کے لیے خاص دلچسپی کا مرکز بھی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments