ویمنز ٹی20 ایشیا کپ: پاکستان نے تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی
دبئی: (دنیا نیوز) ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 2026 کے گروپ اے کے میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے، جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنا سکی۔
منیبہ علی کی شاندار نصف سنچری
پاکستان کی اننگز کا آغاز مشکلات سے ہوا اور پہلے ہی اوورز میں دو وکٹیں گر گئیں، شوال ذوالفقار ایک اور گل فیروزہ صفر پر آؤٹ ہوئیں جبکہ عائشہ ظفر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹیں۔
اس موقع پر منیبہ علی اور صدف شمس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی اننگز کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 54 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔
صدف شمس 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ منیبہ علی نے 52 گیندوں پر 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے شامل تھے۔
منیبہ علی کے آؤٹ ہونے کے بعد امِ ہانی اور ٹوبا حسن نے اختتامی اوورز میں قیمتی رنز جوڑ کر پاکستان کو 119 رنز تک پہنچایا، تھائی لینڈ کی جانب سے تھپچا پوتھاوونگ اور سولیپورن لاؤمی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
ثانیہ اقبال کی شاندار بولنگ
120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی، پاکستان کی ثانیہ اقبال نے ابتدائی اوورز میں دو اہم وکٹیں حاصل کرکے تھائی لینڈ کی بیٹنگ کو مشکلات سے دوچار کردیا۔
تھائی لینڈ کی جانب سے چانیدا ستھیروانگ نے 24 گیندوں پر 25 رنز بنائے، کپتان نارویمول چائیوائی نے 17 اور نتھاکان چنتھم نے 14 رنز بنائے، تاہم پاکستان کے اسپنرز نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا اور تھائی لینڈ مقررہ 20 اوورز میں 84 رنز تک ہی پہنچ سکی۔
ثانیہ اقبال پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر رہیں، انہوں نے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، طوبہ حسن نے 2 جبکہ نَشرا سندھو اور کپتان فاطمہ ثنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی 35 رنز سے فتح
پاکستان نے تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے کر ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 2026 میں اپنے سفر کا کامیاب آغاز کیا، منیبہ علی کو 54 رنز کی میچ وننگ اننگز پر نمایاں کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 5 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ گروپ اے میں پاکستان کا تیسرا میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف شیڈول ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments