علاقائی تجارت و معاشی تعاون کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کرینگے: عاطف اکرام شیخ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری و وائس چیئرمین ایس سی او بزنس کونسل عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان نے آج شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران تنظیم کی باضابطہ طور پر صدارت سنبھال لی ہے۔
عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سال 2026-27 کے لیے ایس سی او کی صدارت سنبھالنا ایک اہم سفارتی کامیابی ہے، ایس سی او کی صدارت پاکستان کے عالمی اور علاقائی کردار پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او پلیٹ فارم کے ذریعے علاقائی تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کرے گا، ایس سی او ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان کی صدارت میں ایس سی او کے اقتصادی ایجنڈے کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ایس سی او بزنس کونسل علاقائی کاروباری برادری کو قریب لانے اور باہمی سرمایہ کاری بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایس سی او صدارت خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ اقتصادی ترقی کے فروغ کا بہترین موقع ہے، پاکستان وسطی ایشیا، چین، روس اور دیگر ایس سی او ممالک کے ساتھ تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
وائس چیئرمین ایس سی او بزنس کونسل نے کہا کہ علاقائی رابطہ کاری، ٹرانزٹ ٹریڈ اور سرمایہ کاری ایس سی او کے اقتصادی تعاون کے اہم ستون ہیں، ایس سی او بزنس کونسل کے پلیٹ فارم سے پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments