افغان حکومت عسکریت پسندانہ سوچ سے باہر نکلے :عطاتارڑ

 افغان حکومت عسکریت پسندانہ سوچ سے باہر نکلے :عطاتارڑ

افغانستان کے مسائل عسکریت پسندانہ ذہنیت کا نتیجہ، ذمہ دار ریاست کی سوچ اپنائیں امن کی خوا ہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر تشویش :خطاب

اسلام آباد (اے پی پی ،دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ افغانستان میں امن سے خطے میں استحکام اور ترقی کے امکانات بڑھ سکتے  ہیں، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کا جواب دیا جائے گا،اسلام آباد میں افغانستان کی صورتحال اور امن کی جانب پیش رفت کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال ایک انتہائی پیچیدہ معاملہ ہے ، دیرپا اور پائیدار حل کی ضرورت ہے ، پاکستان نے افغانستان کے مسئلے کے حل کیلئے متعدد وفود افغانستان بھیجے ، استنبول اور دوحہ میں مذاکرات ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو عسکریت پسندانہ سوچ سے نکل کر ذمہ دار ریاست کی سوچ اپنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو درپیش بیشتر مسائل عسکریت پسندانہ ذہنیت کا نتیجہ ہیں۔

افغانستان میں تجارت اور علاقائی رابطوں کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ، افغانستان میں امن سے وسطی ایشیا سے پاکستان تک تجارتی راستے کھولنے میں مدد مل سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا افغانستان میں دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہیں تشویش کا باعث ہیں، مزید کہا کہ افغان آبادی بڑی تعداد میں نوجوانوں پر مشتمل ہے ، افغان خواتین کی بڑی تعداد افرادی قوت کا حصہ نہیں، افغان عوام کے بعض طبقات کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ پُرامن بقائے باہمی کیلئے خود بھی جیو اور دوسروں کو بھی جینے دو کے اصول کو اپنانا ہوگا، صرف امن ہی خوشحالی کی بنیاد بن سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کا جواب دیا گیا ہے اور دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...