الیکشن کمیشن:پنجاب کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ارسال،سندھ میں تیاریاں شروع

 الیکشن کمیشن:پنجاب کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ارسال،سندھ میں تیاریاں شروع

پنجاب حکومت سے شیڈول پر آرا، آر اوز کی تعیناتی کیلئے فہرستیں طلب، اسلام آباد میں حلقہ بندیاں مکمل، وفاق سے رابطے کا فیصلہ پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ کیس کا جلد فیصلہ، کنٹونمنٹس انتخابات کیلئے وزارت دفاع کو حتمی خط بھیجنے کا فیصلہ، اجلاس میں بریفنگ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) الیکشن کمیشن نے پنجاب کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول ارسال، شیڈول پر آرا اور آر اوز کی تعیناتی کیلئے فہرستیں طلب کر لی گئیں، سندھ میں تیاریاں شروع اور واضح اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئیں، اسلام آباد میں حلقہ بندیاں مکمل ہیں، قانون سازی کیلئے وفاق سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا، خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے گا اور کنٹونمنٹس انتخابات کیلئے وزارت دفاع کو حتمی خط ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں ممبران نثار احمد درانی، شاہ محمد جتوئی، جسٹس (ر) اکرام اللہ، سیکرٹری کمیشن نے شرکت کی جس میں تمام انتظامی اکائیوں سے متعلق فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے مکمل تیار ہے اور پنجاب حکومت کو ڈرافٹ الیکشن شیڈول ارسال کیا جا چکا ہے ، صوبائی حکومت سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کیلئے فہرستیں طلب کی گئی ہیں، الیکشن کمیشن نے تاکید کی کہ پنجاب حکومت ڈرافٹ شیڈول پر اپنا موقف فوری فراہم کرے ۔ سندھ میں بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں شروع اور متعلقہ دفاتر کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے ، تاہم وفاقی دارالحکومت ترمیمی آرڈیننس 2026 کی میعاد ختم ہو گئی ہے ، الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا کیونکہ قائمہ کمیٹی قانون سازی کی منظوری دے چکی ہے یہ عمل بلا تاخیر مکمل کیا جائے ، پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے گا۔ بتایا گیا کہ کنٹونمنٹس میں حلقہ بندیوں کا کام مکمل اور کمیشن پولنگ کرانے کیلئے تیار ہے ، کنٹونمنٹ ایکٹ 2023 کے تحت وفاقی حکومت کی درخواست کیلئے چیف الیکشن کمشنر کی وزیراعظم کو چٹھی اور یاد دہانیوں کے باوجود عملدرآمد نہیں ہوا، الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو حتمی خط ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ خیبر پختونخوا حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2023 کے سیکشن 6(5)(E) میں ترمیم کی جس وجہ سے حلقہ بندی ناممکن ہو گئی، صوبائی حکومت کے فوری اقدامات نہ کرنے کے باعث کیس زیرِ سماعت ہے جہاں جلد مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔ وفاقی آئینی عدالت کے حکم کے باوجود کوئٹہ میں انتخابات ممکن نہیں ہو سکے ، صوبائی حکومت کے کوئٹہ کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کے بعد کمیشن نے قانون سازی مکمل کرنے کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...