پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات، پس پردہ کیا چل رہا؟
مریم کسی وزیر کو مثال بنا سکتیں،سالک نے خود کو سیاسی محاذ پر نمایاں کرلیا
(تجزیہ:سلمان غنی)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے کرپشن کے معاملے پر ردعمل اور حکومتی احتساب کی بات سے ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ اس ضمن میں کسی دباؤ کا شکار ہیں اور انہیں اپنی حکومت کی ساکھ کا مسئلہ درپیش ہے جس پر وہ کمپرومائز کرتی نظر نہیں آ رہیں یہی وجہ ہے کہ جہلم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ کہا کہ کرپشن کے حوالے سے کسی بھی وزیر سے متعلق شکایت آئی تو قسم کھا کرکہتی ہوں کہ اسے نہیں بخشوں گی ۔کرپشن کا معاملہ اٹھانے پر پہلے ہی وہ وفاقی وزیر چودھری سالک کو 5ارب کے ہرجانے کا نوٹس بھجوا چکی ہیں۔جبکہ وفاقی وزیر نے بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہاں پر دیکھنا ہوگا کہ کیا کرپشن کے حوالے سے حکومت میں جاری نفسیاتی کیفیت کسی منظم سلسلے کی کڑی تو نہیں ۔لگتا یوں ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اسے ٹیسٹ کیس بناکر کچھ بڑا کرنے کے موڈ میں ہیں تاکہ مستقبل کی سیاست میں ان پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کوئی سو دفعہ سوچے ،اب انہوں نے سیاسی محاذ بھی گرم کر لیا ہے اور ان کی اور وزیر اطلاعات کی جانب سے بار بار یہ کہا جا رہا ہے کہ الزام لگانے والے وزرا اگر حکومت کو کرپٹ سمجھتے ہیں تو وہ اس کا حصہ کیوں ہیں۔
دوسری جانب مذکورہ وزیر جن کا تعلق ق لیگ سے ہے وہ حکومتی خواہش پر مستعفی ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ شاید حکومت اس پوزیشن میں نہیں کہ انہیں مستعفی ہونے پر مجبور کرے یا انہیں وزارت سے برخاست کر دے کیونکہ ایسی کسی صورت میں پھر ن لیگ اور ق لیگ میں بڑے فاصلے قائم ہوں گے جو کم از کم مسلم لیگ ن کے لیڈر نواز شریف اور ق لیگ کے رہنما چودھری شجاعت حسین نہیں چاہیں گے ۔جہاں تک اس امر کا سوال ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے دی جانے والی تنبیہ کا مقصد کیا ہے تو اس ضمن میں ٹائمنگ کو اہم قرار دیا جا رہا ہے خود وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آ رہے ہیں بعض لوگ تکلیف محسوس کر رہے ہیں اور یہ الزامات محض اپنی سیاسی جگہ محفوظ کرنے یا توجہ ہٹانے کے لئے ہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ انہوں نے تنبیہ کے ساتھ یہ بھی واضح طور پر تسلیم کیا کہ میں نے کبھی دعویٰ نہیں کیا کہ پنجاب میں مکمل طور پر کرپشن ختم ہو گئی ہے انہوں نے صرف یہ کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے کہ جہاں کی وزیراعلیٰ خود کرپشن کے معاملات کی نشاندہی کرتی ہیں اور چیلنج کیا کہ دوسرے صوبوں سندھ، خیبرپختونخوا میں بھی کرپشن موجود ہے ویسے دیکھا جائے۔
تو وزیراعلیٰ مریم نواز نے از خود بھی کرپشن کے الزامات پر تحقیقات کروا کر کرپشن کے مرتکب افراد کو گرفتار بھی کروایا اور ان سے ریکوریاں بھی کروائیں جس کی بڑی مثال ستھرا پنجاب ہے اور بہت سی مثالیں ہیں کہ مختلف شعبوں میں کرپشن کے الزامات پر ذمہ داران کے خلاف کارروائیاں ہوئیں لیکن جہاں تک وزرا کی سطح پر کرپشن کا سوال ہے تو ابھی تک تو ایسا کوئی سیکنڈل سامنے نہیں آیا کہ کہا جا سکے کہ حکومت کرپشن میں ملوث ہے لہٰذا وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے آنے والی تنبیہ بنیادی طور پر اپنے دائرہ اختیار پر بیرونی الزامات کو مستردکرنے اپنے وزرا کو وفادار رکھنے اور انتخابی دباؤ کو کم کرنے کے لئے ایک مشترکہ سیاسی اقدام ہے نہ کہ اس بات کی نشاندہی کہ ان کی کابینہ میں واقعی کوئی کرپشن کا بحران پھوٹ پڑا ہے۔
جہاں تک اس وارننگ کے بعد کسی وزیر کے خلاف عملی کارروائی کے امکانات کا تعلق ہے تو فی الحال توایسا نظر نہیں آ رہا البتہ کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اپنی حکومت کی ساکھ کے لئے کسی وزیرکو مثال بنا سکتی ہیں لیکن کرپشن کے خلاف کارروائی سیاسی وابستگی سے بالاتر شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہئے احتساب کی ساکھ اسی وقت قائم ہو گی جب قانون سب کے لئے برابر اور کارروائی شخصیات کی بجائے شواہد کی بنیاد پر ہو ۔حکومتی معاملات پر گہری نظر رکھنے والے ایک ریٹائرڈ بیورو کریٹ کا کہنا ہے کہ چودھری سالک کی خواہ کوئی بڑی سیاسی اہمیت نہیں لیکن پنجاب حکومت کو ٹارگٹ کر کے انہوں نے خود کو سیاسی محاذ پر نمایاں کر لیا ہے اور پسپائی کے لئے تیار نظر نہیں آ رہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ جس کی وجہ سے حکومت میں ہیں وہاں پر پنجاب حکومت کے معاملات درست نہیں لگ رہے لہٰذا اس حوالے سے تو خود حکومت کو کھوج لگانا پڑے گا کہ پس پردہ کیا چل رہا ہے مقصد کیا ہے اور اگر حکومت کو کوئی خطرہ نہیں تو پھر وہ کیونکر بولتے نظر آ رہے ہیں جن کا بولنا نہیں بنتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments