انڈیا میں سڑک کنارے واقع گڑھے سے پُراسرار مینڈک کی دریافت
بھارت کے محققین نے سڑک کے کنارے پر واقع ایک گڑھے میں مینڈک کی ایک نئی نسل دریافت کی ہے ۔
نیودہلی (نیٹ نیوز)دہلی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے والی سونالی گارگ اور ان کے سپروائزر ایس ڈی بیجو نے جنوبی انڈیا میں حیاتیاتی تنوع کے گڑھ مغربی گھاٹ میں نئی نسل کے مینڈک دریافت کئے ہیں۔اس نسل کا تعلق ایک نئے مینڈک کے گروپ یا جینیس سے ہے جسے سائنسدانوں نے مسٹی سیلیس کا نام دیا ہے ،یہ نام لاطینی زبان سے اخذ کیا گیا ہے اور اس کا مطلب پراسرار اور چھوٹا ہے ۔سائنسدانوں نے تین سال کی تلاش کے بعد تنگ منھ والے مینڈک دریافت کیے اور ان مینڈک کے مائیکرو ہائے لِڈ جینیس کی بالکل نئی قسم ہونے کی تصدیق کی،مینڈک کی نئی جینیس فی الحال صرف ایک علاقے میں پائی جاتی ہے ۔ یہ مینڈک اب تک کسی کی نظر میں اس لیے نہیں آئے کیونکہ یہ چار دنوں سے بھی کم وقت کے لیے نسل بڑھانے کی سرگرمی کے لیے نمودار ہوتے ہیں اور باقی پورا سال ایک پراسرار زندگی گزارتے ہیں۔گزشتہ دہائی کے دوران مغربی گھاٹ میں کئی قسم کے نئے مینڈک دریافت کئے گئے جس کی وجہ سے یہ گھاٹ دنیا میں حیاتیاتی تنوع کا جانا مانا گڑھ بن گیا ہے ۔