اللہ تعالیٰ نے متقین کی صفات بیان کرتے ہوئے فرمایا: ''جو غیب پر ایمان لاتے ہیں، نماز (باقاعدگی سے) قائم کرتے ہیں، زکوٰۃ (باقاعدگی سے) ادا کرتے ہیں اور جو نعمتیں ہم نے ان کو عطا کی ہیں‘ ان میں سے (اللہ کی راہ میں) خرچ کرتے ہیں اور جو اُس (قرآن) پر ایمان لاتے ہیں جو آپ پر نازل کیا گیا اور اُن (سماوی کتب) پر جو آپ سے پہلے (انبیائے کرام پر) اتاری گئیں اور آخرت پر بھی ایمان لاتے ہیں‘‘ (البقرہ: 3 تا 4)۔ اس آیت میں متقین کی پہلی صفت ''ایمان بالغیب‘‘ بتائی گئی ہے۔ غیب کی بابت علماء کرام نے کہا: ''اُن امور پر ایمان جو ہم سے غائب ہیں یا جن کو ہم حواسّ اور بداہتِ عقل سے نہیں جان سکتے‘ جیسے: اللہ کی ذات، ملائک، جنت، جہنم، قیامِ قیامت، کتبِ الٰہی، انبیائے کرام علیہم السلام کی نبوت، تقدیر، بعث بعد الموت اور اُخروی جزا و سزا کا نظام وغیرہ‘‘۔
امام فخر الدین رازی لکھتے ہیں: ''ابومسلم اصفہانی نے لکھا: ''یُؤْمِنُونَ بِالْغَیْب‘‘ کے معنی ہیں: جس طرح وہ رسول اللہﷺ کے سامنے ایمان کا اظہار کرتے ہیں، اسی طرح آپﷺ کے پسِ پشت بھی ایمان رکھتے ہیں‘ اُن کا حال اُن منافقوں سے مختلف ہے جن کی بابت اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''اور جب وہ ایمان والوں سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں: ہم ایمان لائے اور جب وہ اپنے شیطانوں کے پاس خَلوت میں ہوتے ہیں تو کہتے ہیں: درحقیقت ہم تمہارے ساتھ ہیں، مسلمانوں کا تو ہم صرف مذاق اڑاتے ہیں‘‘ (البقرہ: 14)۔ اس کی مثال اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد ہے: ''یوسف نے کہا: میں نے یہ اس لیے کہا تھا کہ وہ (عزیزِ مصر) جان لے کہ میں نے اُس کے پسِ پشت (اس کی بیوی سے متعلق) کوئی خیانت نہیں کی اور یہ کہ اللہ تعالیٰ خیانت کرنے والوں کی چالوں کو کامیاب ہونے نہیں دیتا‘‘ (یوسف: 52)۔ عربی کا مقولہ ہے: ''تمہارا بہترین دوست وہ ہے جو پسِ پشت تمہارے لیے مخلص ہو‘‘۔ یہ اہلِ ایمان کی مدح ہے کہ اُن کا ظاہر باطن کے موافق ہوتا ہے اور منافقوں کا باطن اُن کے ظاہر کے برعکس ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''وہ اپنے مونہوں سے وہ بات کہتے ہیں جو اُن کے دل میں نہیں ہوتی‘‘ (آل عمران: 167)۔ جمہور مفسرین کا قول یہ ہے: ''غیب وہ ہوتا ہے جس کا حواسّ سے ادراک نہ کیا جا سکے‘‘، پھر اس غیب کی دو قسمیں ہیں: ایک وہ جس پر کوئی دلیل نہیں ہے اور دوسرا وہ جس پر دلیل ہے۔ یہ آیت متقین کی مدح میں ہے: ''وہ دونوں قسم کے غیب پر ایمان لاتے ہیں، یعنی اس غیب پر بھی ایمان لاتے ہیں جس کے بارے میں تفکر کریں اور دلیل سے اس پر ایمان لائیں، اس میں اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات، آخرت، نبوت، احکامِ شرائع کا علم ہے‘‘ (تفسیر کبیر، البقرہ: 3 تا 4)۔
صحابۂ کرامؓ اپنے ایمان کا خود جائزہ لیتے رہتے تھے، وہ نہ صرف قول و فعل کی مطابقت میں اعلیٰ معیار پر تھے بلکہ وہ اپنی قلبی کیفیات اور ذہن میں وارد ہونے والے خیالات کے بارے میں بھی سوچتے رہتے تھے کہ کمالِ ایمان یہ ہے کہ قول و فعل میں بھی مطابقت ہو اور ظاہر و باطن میں بھی یکسانیت ہو۔ ایسا نہ ہو کہ ظاہر تو شریعت کے مطابق ہو لیکن دل و دماغ شیطانی افکار و خیالات کی آماجگاہ بن جائیں۔ اس کی وضاحت اس حدیث سے ہوتی ہے: حضرت حنظلہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ''ہم رسول اللہﷺ کی مجلس میں موجود تھے، آپﷺ نے ہمارے سامنے جنت اور جہنم کا ذکر کیا، یہاں تک کہ ہمیں ایسا لگا جیسے جنت و جہنم ہماری نگاہوں کے سامنے ہیں، وہاں سے میں اٹھ کر اپنے بیوی‘ بچوں کے پاس گیا اور اُن کے ساتھ دل لگی میں مشغول ہو گیا۔ وہ بیان کرتے ہیں: (اچانک) مجھے اُس کیفیت کا خیال آیا جو رسول اللہﷺ کی مجلس میں مجھ پر طاری تھی۔ میں (فوراً) نکلا اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے ملااور اُن سے تکرار کے ساتھ کہا: میں تو منافق ہو گیا۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے میرے اس اضطراب کوجان کر کہا: اس کیفیت میں تو ہم بھی مبتلا ہو جاتے ہیں، پھر حضرت حنظلہؓ رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اپنی پریشانی بیان کی۔ آپﷺ نے فرمایا: اے حنظلہ! قلبی حضوری کی وہ کیفیت جو تمہیں میری مجلس میں نصیب ہوتی ہے، اگر مسلسل رہے، تو تمہارے بستروں پر اور تمہاری راہوں میں آکر فرشتے تم سے مصافحہ کریں، اے حنظلہ! ایسی پُرنور کیفیات ہر وقت نہیں رہتیں‘‘ (ابن ماجہ: 4239)۔
امام المتکلمین علامہ حافظ محمد ایوب دہلوی رحمہ اللہ تعالیٰ لکھتے ہیں: ''یُؤْمِنُونَ بِالْغَیْب‘‘کے معنی ہیں: ''یُؤْمِنُوْنَ بِالْغَیْبِ کَمَا یُؤْمِنُوْنَ بِالشَّھَادَۃِ‘‘، یعنی متقی لوگ غیبی امور پر اُسی قطعیت اور یقین کے ساتھ ایمان لاتے ہیں، جیسے حاضر اشیاء اور حقیقتوں پر اُن کا یقین ہوتا ہے، جبکہ عام لوگوں کی کیفیت اس کے برعکس ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر کوئی بھی شخص لوہے کے گرم توے پر ہاتھ نہیں رکھے گا، شعلوں کی صورت میں جلتی ہوئی آگ میں ہاتھ نہیں ڈالے گا، زہریلے سانپ اور بپھرے ہوئے شیر کے قریب نہیں جائے گا، کیونکہ اُسے ان کی ضرر رسانی کا کامل یقین ہے‘ اُسے پتا ہے آگ جلا ڈالے گی، سانپ کاٹے گا، شیر چیرے پھاڑ ے گا، لیکن وہ حرام امور‘ جو جہنم کی آگ میں جھونکے جانے کا سبب ہیں، جیسے: قتلِ ناحق، زنا، شراب نوشی، سود خوری، چوری، ڈاکا زنی، اکلِ حرام اور اس جیسے تمام محرّمات‘ جو قرآن اور حدیث کی رو سے اپنے مرتکبین کو نارِ جہنم کا ایندھن بنانے کا سبب بنتے ہیں، اُن پر بھی اگر اسی درجے کا یقین ہو تو کوئی ان قبیح اعمال کے قریب نہ جائے، لیکن لوگ جاتے ہیں، ان کا ارتکاب کرتے ہیں اور اس میں انہیں ذرّہ بھر بھی تردُّد یا اضطراب نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ''بے شک جو لوگ ظالمانہ طریقے سے یتیموں کا مال کھاتے ہیں، وہ اپنے پیٹوں میں صرف آگ بھر رہے ہیں اور وہ عنقریب شعلہ بار آگ میں داخل ہوں گے‘‘ (النسآء: 10)، اسی طرح کی وعیدیںقتلِ ناحق، رِبا اور دیگر محرّمات کے بارے میں آئی ہیں، لیکن کئی لوگوں پر ان کا اثر نہیں ہوتا، کیونکہ انہیں غائب اشیا پر وہ یقین نہیں ہوتا جو حاضر پر ہوتا ہے، جبکہ اس کے برعکس مومنینِ متقین کا ایمان حاضر و موجود سے زیادہ رُسوخ، قطعیت اور یقین کے ساتھ غیبی امور پر ہوتا ہے، اس کی مثال ان احادیث سے ملتی ہے:
(1) ''حارث بن مالک انصاریؓ بیان کرتے ہیں: اُن کا رسول اللہﷺ کے پاس گزر ہوا تو آپﷺ نے فرمایا: حارث! تم نے کیسے صبح کی؟ انہوں نے عرض کی: میں نے اس حال میں صبح کی کہ میں پکا مؤمن تھا۔ آپﷺ نے فرمایا: ذرا سوچو! تم کیا کہہ رہے ہو، کیونکہ ہر چیز کی ایک حقیقت ہے، پس تمہارے ایمان کی حقیقت کیا ہے؟ انہوں نے عرض کی: میں نے دنیا میں دل لگانا چھوڑ دیا ہے، میں اپنی راتوں کو بیدار رکھتا ہوں (یعنی عبادت میںمصروف رہتا ہوں) اور میرا دن پُرسکون گزرتا ہے۔ (میری حضوریِ قلب کا عالَم یہ ہے کہ) گویا میں اپنے رب کے عرش کو اپنے سامنے واضح طور پر دیکھ رہا ہوں اور میں اہلِ جنت کو دیکھ رہا ہوں جو ایک دوسرے سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور میں اہلِ جہنّم کو دیکھ رہا ہوں کہ اُن کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ آپﷺ نے تین بار فرمایا: حارث! تُو نے ایمان کی حقیقت کو جان لیا، پس اسے لازم پکڑو‘‘۔ (معجم الکبیر للطبرانی: 3367)
(2) دوسری روایت میں ہے: رسول اللہﷺ نے فرمایا: اے حارثہ! تو نے کیسے صبح کی؟ انہوں نے عرض کی: ''میں نے اس حال میں صبح کی کہ میرا ایمان یقینِ کامل کے درجے میں تھا‘‘، آپﷺ نے فرمایا: ''ہر چیز کی ایک حقیقت ہوتی ہے، تو تمہارے اِس دعوے کی حقیقت کیا ہے؟‘‘، انہوں نے عرض کی: ''میں نے اپنے نفس کو دنیا (کی محبت کے غلبے) سے لاتعلق کر لیا، تو (اب) میرے نزدیک اس دنیا کا پتھر اور سونا، چاندی اور ڈھیلا (بے توقیری میں) برابر ہو گئے ہیں۔ میں نے اپنی راتیں بیدار رہ کر (اللہ کی عبادت میں) گزاریں اور دن میں (روزہ رکھ کر ) اپنے اوقات پیاس میں گزارے، تو اب مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں عرشِ الٰہی کو اپنی نظروں کے سامنے دیکھ رہا ہوں اور میں اہلِ جنت کو (خوش و خرم) ایک دوسرے کے ساتھ ملاقاتیں کرتے ہوئے اور اہلِ جہنم کو (شدتِ عذاب کے باعث) فریادیں کرتے ہوئے سن رہا ہوں (یعنی غیبی حقائق مجھ پر منکشف ہونے لگے ہیں)‘‘ (مجمع الزوائد للہیثمی: 57/1)۔
پتھر اور سونا، چاندی اور ڈھیلا کے برابر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ میں نے سیم و زَر (یعنی مال و دولتِ دنیا) کو اپنا مطلوب و مقصود نہیں بنایا، بلکہ ان کے ساتھ تعلق ضرورت اور حاجت کی حد تک رکھا ہے، انہیںضرورت کی حد تک برتا ہے، انہیں نہ اپنے دل میں جگہ دی ہے اور نہ انہیں اپنا معبود بنایا ہے، جیساکہ احادیث مبارکہ میں ہے: (1) ''نبی کریمﷺ نے فرمایا: درہم و دینار اور زیب و زینت والے ریشمی لباس کا بندہ ہلاک ہو گیا کہ جب اُسے عطا کیا جائے تو راضی ہوتا ہے اور عطا نہ کیا جائے تو راضی نہیں ہوتا‘‘ (بخاری: 2886)۔ (2) ''حضرت عبداللہؓ بن عمر بیان کرتے ہیں: رسول اللہﷺ نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا اور فرمایا: دنیا میں اس طرح رہو جیسے تم مسافر ہو یا سرِ راہ گزرنے والے اور عبداللہ بن عمرؓ کہا کرتے تھے: جب شام ہو جائے تو صبح کا انتظار نہ کرو اور جب صبح ہو جائے تو شام کا انتظار نہ کرو (یعنی کچھ خبر نہیں کہ فرشتۂ اجل کب آ جائے) اور اپنی صحت کے زمانے میں اپنی (ممکنہ) بیماری کے لیے تیار رہو اور اپنی زندگی میں اپنی موت (اور ما بعد الموت) کے لیے (کوئی ذخیرۂ عمل) جمع رکھو‘‘ (بخاری: 6416)۔
عالی شان مکانات و محلات میں بیت الخلا اس شان کے بنے ہوتے ہیں کہ دیکھ کر انسان حیرت زدہ رہ جاتا ہے، لیکن اُن میں کوئی بھی مستقل قیام نہیں کرتا، ضرورت کی حد تک اُن میں وقت گزارتا ہے، سو دنیا کی ساری نعمتوں اور عیش و عشرت کو یہی درجہ دینا مومن کی شان ہے۔ میر انیس نے کہا ہے:
دنیا بھی عجب سرائے فانی دیکھی
ہر چیز یہاں کی آنی جانی دیکھی
جو آ کے نہ جائے‘ وہ بڑھاپا دیکھا
جو جا کے نہ آئے، وہ جوانی دیکھی
غوث اعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رحمہ اللہ تعالیٰ دنیا کو اپنا مطلوب اور محبوب بنانے کی نفی کرتے ہوئے بتاتے ہیں: اس جہانِ فانی کے ساتھ مومن کا تعلق صرف بقدر حاجت ہونا چاہیے: ''دولتِ دنیا ہاتھ اورجیب میں رکھنی جائز، کسی اچھی نیت سے اس کو جمع کرنا جائز، خبردار! مگر اُسے اپنے قلب پر اس طرح مسلّط کرنا کہ اُس کی محبت دل پر حاوی ہو جائے، ہرگز جائز نہیں ہے۔ اُسے درِ دل پر کھڑا کرنا جائز مگر خانۂ دل میں بسانا اور سجانا ناجائز ہے اور اس میں تیرے لیے کوئی عزت نہیں ہے‘‘۔