"MMC" (space) message & send to 7575

مالکِ جسم وجاں!

اسلام کی تعلیم تو یہ ہے کہ ہمارے جسم و جاں کا مالکِ حقیقی اللہ تعالیٰ ہے، اُسی نے اسے پیدا کیا، وہی اسے فنا کرے گا اور آخرت میں دوبارہ زندہ کر کے اٹھائے گا۔ قرآنِ کریم میں ہے: ''اسی زمین سے ہم نے تمہیں پیدا کیا اور اسی میں تمہیں لوٹائیں گے اور (آخرت میں) اسی سے تمہیں دوبارہ (زندہ کر کے) نکالیں گے‘‘ (طہٰ: 55)۔ نیز فرمایا: ''بھلا بتائو کہ تم جو نطفہ (رحم میں) گراتے ہو، کیا اُس سے (انسان کی) تخلیق تم کرتے ہو یا ہم پیدا کرنے والے ہیں، ہم ہی نے تمہارے درمیان موت (کا وقت) مقدر فرما دیا ہے اور ہم عاجز نہیں ہیں کہ تمہارے بدلے میں تم جیسے اور پیدا کر دیں اور تمہیں از سر نو پیدا کر دیں جس کو تم بالکل نہیں جانتے اور بے شک تم پہلی پیدائش کو خوب جانتے ہو تو کیوں سبق حاصل نہیں کرتے‘‘ (الواقعہ: 58 تا 62)۔
ان آیات میں تین حقیقتوں کا بیان ہے: یہ کہ انسان کو اللہ نے پیدا کیا ہے، وہی اسے فنا کرے گا اور پھر قیامت قائم ہونے پر دوبارہ اسے زندہ کر کے اٹھائے گا۔ گزشتہ امتوں کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ جب انسان نے زمین پر طاقت پکڑ لی اور اقتدار حاصل کیا تو سب سے پہلے وہ اپنے خالق کو بھلابیٹھا اور خدائی دعوے کرنے لگا، نیز اسی دنیوی زندگی کو ابدی اور دائمی سمجھنے لگا یا موت کو فنائے کُلّی سمجھ بیٹھا۔ قرآن کریم میں ہے: (1) ''اور کافروں نے کہا: جب ہم ہڈیاں ہو جائیں گے اور ریزہ ریزہ ہو جائیں گے تو کیا ہمیں نئے سرے سے پیدا کر کے اٹھایا جائے گا، آپ کہیے: تم پتھر بن جائو یا لوہا یا کوئی ایسی مخلوق جو تمہارے خیال میں بہت بڑی ہو تو عنقریب وہ کہیں گے: ہمیں دوبارہ کون پیدا کرے گا، آپ کہیے: وہی (خالق) جس نے تمہیں پہلی بار پیدا کیا تھا، اس پر وہ (تمسخر کے انداز میں) آپ کی طرف سر ہلائیں گے اور کہیں گے: تو یہ کب ہو گا، آپ کہیے: عجب نہیں کہ وہ وقت قریب آ پہنچا ہو، جس دن وہ تمہیں بلائے گا تو تم اس کی حمد کرتے ہوئے چلے آئو گے اور تم یہ گمان کرو گے کہ تم دنیا میں تھوڑی ہی مدت ٹھہرے تھے‘‘ (بنی اسرائیل: 49 تا 52)۔ (2) ''پس رہے عاد تو انہوں نے زمین میں ناحق تکبر کیا اور کہا: ہم سے زیادہ قوت والا کون ہے، کیا انہوں نے یہ نہیں دیکھا کہ اللہ جس نے انہیں پیدا کیا ہے، وہ ان سے زیادہ قوت والا ہے اور وہ ہماری آیتوں کا انکار کرتے رہے تھے‘‘ (حم السجدہ: 15)۔ نیز فرمایا: ''اس زمین پر جو کوئی بھی ہے‘ (اپنے مقررہ وقت پر) فنا ہونے والا ہے اور آپ کے رب کی ذات باقی رہنے والی ہے جو عظمت اور بزرگی والا ہے‘‘ (الرحمن:26 تا 27)۔
سو انسانی جان اللہ کی مخلوق اور اُسی کی مِلک ہے، انسان کو اپنی جان پر مالکانہ تصرُّف کا حق حاصل نہیں ہے، وہ اُسے صرف اللہ تعالیٰ کی مقررہ حدود کے اندر رہتے ہوئے استعمال کر سکتا ہے، وہ اسے تلف کرنے کا بھی مُجاز نہیں ہے، یہ اختیار صرف اور صرف حقیقی خالق و مالک کا ہے؛ چنانچہ قرآن کریم میں فرمایا: ''اور اپنے ہاتھوں اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالو‘‘ (البقرہ: 195)۔ اگر کوئی شخص کسی دوسرے انسان کو بھی قتل کرتا ہے تو قرآن نے اُسے قتلِ نفس سے تعبیر فرمایا، کیونکہ بے قصور انسانی جان کی حفاظت انسانیت کا اجتماعی حق ہے، اسی لیے قرآنِ کریم نے ایک بے قصور انسانی جان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل سے اور ایک بے قصور انسانی جان کے تحفظ کو پوری انسانیت کی بقا سے تعبیر فرمایا ہے۔ ارشاد ہوا: ''اسی وجہ سے ہم نے بنی اسرائیل پر فرض کر دیا کہ جس شخص نے قصاص کے بغیر یا زمین میں فساد پھیلانے (کے جرم کے بغیر) کسی (بے قصور) شخص کو قتل کیا تو گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کیا اور جس نے کسی (بے قصور) شخص کی جان بچا لی تو گویا اس نے تمام انسانوں کو بچا لیا‘‘ (المائدہ:32)۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام نے خود کُشی یعنی اپنی جان خود تلف کرنے کو حرام قرار دیا ہے۔ حدیث پاک میں ہے: ''رسول اللہﷺ نے فرمایا: جس نے اپنے آپ کو آہنی ہتھیار سے قتل کیا وہ ہتھیار اس کے ہاتھ میں ہو گا، وہ نارِ جہنم میں ہمیشہ رہے گا اور وہ ہتھیار اپنے پیٹ میں گھونپتا رہے گا، جس نے زہر پی کر اپنے آپ کو ہلاک کیا تو وہ نارِ جہنم میں ہمیشہ رہے گا اور زہر پیتا رہے گا، جس نے کسی پہاڑ (یا بلند جگہ) سے چھلانگ لگا کر اپنے آپ کو ہلاک کیا تو وہ نارِ جہنم میں ہمیشہ رہے گا اور (جہنم کی گہرائیوں میں) لڑھکتا چلا جائے گا‘‘ (مسلم: 109)۔
''حضرت جابرؓ ایک طویل حدیث میں بیان کرتے ہیں: جب نبیﷺ نے مدینے کی طرف ہجرت کی تو آپﷺ کے ساتھ حضرت طفیل بن عمرو دَوسی اور اُن کی قوم کے ایک شخص نے بھی ہجرت کی، اس شخص کو مدینے کی آب و ہوا راس نہ آئی سو وہ بیمار ہو گیا اور فریاد کرنے لگا۔ پس (تکلیف سے بے قابو ہوکر) اس نے چوڑے پھل کا ایک تیر لیا اور اپنی انگلیوں کو جوڑوں سے کاٹ دیا، پس اس کے ہاتھوں سے خون بہتا رہا یہاں تک کہ وہ (کثرت سے خون بہننے کے سبب) فوت ہو گیا۔ پھر اسے طفیل بن عَمرو نے اپنے خواب میں اچھی حالت میں دیکھا، انہوں نے دیکھا کہ اس کے ہاتھوں پر ڈاٹا بندھا ہوا ہے، طفیل نے اس سے پوچھا: آپ کے رب نے آپ کے ساتھ کیا سلوک کیا، اس نے جواب دیا: نبیﷺ کے ساتھ ہجرت کی برکت سے اللہ نے مجھے بخش دیا۔ پھر انہوں نے پوچھا: کیا وجہ ہے کہ میں تمھارے ہاتھوں پر ڈاٹا بندھا ہوا دیکھ رہا ہوں، اس نے جواب دیا: مجھے فرمایا گیا: جس چیز کو تم نے خود بگاڑا ہے، ہم ہرگز اسے درست نہیں کریں گے، پھرجب طفیل نے یہ خواب رسول اللہﷺ کے سامنے بیان کیا تو آپﷺ نے فرمایا: اے اللہ! اس کے دونوں ہاتھوں کی خطا کو بھی بخش دے‘‘ (مسلم: 116)۔ صحابۂ کرام کی بخشش کے لیے تو رسول اللہﷺ موجود تھے، آج جو لوگ خود کشی کو دکھوں کا مداوا سمجھتے ہیں‘ وہ ذرا سوچیں کہ آخرت کا دائمی عذاب بھگتنا آسان ہے یا دنیا کی کوئی مصیبت یا مشقت جس سے نجات کے لیے وہ اپنے آپ کو خودکشی پر آمادہ کرتا ہے۔
قرآن و حدیث کی ان واضح تعلیمات کی روشنی میں کیا بندے کو یہ نعرہ زیب دیتا ہے: ''میرا جسم‘ میری مرضی‘‘، مرضی تو مالک کی چلتی ہے۔ آپ خود اپنے خالق تو نہیں ہیں پس اللہ کی تخلیق میں اس کی مرضی کے خلاف تصرُّف کرنے کا اختیار آپ کو کس نے دیا، کیا یہ اللہ کی ذات سے صریح بغاوت نہیں ہے، کیا اسلام کے نام پر قائم ریاست میں اسلام کے نام لیوائوں کو ایسے نعرے بلند کرنے کی کھلی آزادی ملنی چاہیے: ''حذَر اے چِیرہ دستاں! سخت ہیں فطرت کی تعزیریں‘‘۔ شرعی حجاب کو ردّ کرنے کے لیے نہایت ڈھٹائی کے ساتھ یہ نعرہ لگایا جاتا ہے: ''نظریں تمہاری گندی اور پردہ میں کروں‘‘، اگر اُن میں قبولِ حق کی ادنیٰ سی رمق بھی باقی ہے تو اس حدیث سے سبق حاصل کریں: ''حضرت شمّاسؓ بیان کرتے ہیں: ایک عورت اُمِّ خَلَّاد نقاب پہنے نبیﷺ کے پاس آئیں، وہ اپنے شہید بیٹے کے بارے میں پوچھنے آئی تھیں، اُن سے کسی صحابی نے کہا: آپ اپنے بیٹے کے بارے میں پوچھنے آئی ہیں اور نقاب پہنے ہوئی ہیں، اُمِّ خَلَّاد نے جواب دیا: اگرچہ میں نے اپنے بیٹے کو کھو دیا ہے، لیکن میں اپنی حیا کو نہیں کھوئوں گی، رسول اللہﷺ نے فرمایا: تمہارے بیٹے کے لیے دو شہیدوں کے برابر اجر ہے، اس نے عرض کی: یا رسول اللہﷺ! ایسا کیوں ہے، آپﷺ نے فرمایا: کیونکہ اسے اہلِ کتاب نے قتل کیا ہے‘‘ (ابودائود:2488)۔ شارحین نے لکھا ہے: ''اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ مطلق کافر کے ہاتھوں قتل ہونے کے مقابلے میں اہلِ کتاب کے ہاتھوں قتل ہونے کا اجر زیادہ ہے‘‘۔ کاش کہ آج کی آزاد منش مسلمان عورتیں حضرت اُمِّ خلّاد کی سیرت سے سبق حاصل کریں۔ الغرض مسلمان کے جسم و روح پر اللہ کاحکم ہی نافذ ہو گا تو فحاشی و عریانی کی اللہ کے قانون میں ہرگزاجازت نہیں ہے اور بے حجابی اور بے حیائی بھی اس کے حکم سے صریح بغاوت ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں