کام سے جڑے خطرات سے متعلق آگاہی پید اکی جائے

کام سے جڑے خطرات سے متعلق آگاہی پید اکی جائے

فنی مہارت پر توجہ نہیں دی جاتی جس سےناخوشگوار واقعات ہوتے ہیں،خیام حسین

کراچی (بزنس رپورٹر)آٹو مو بل کارپوریشن آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر خیام حسین نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل کام کے دوران فنی مہارت اور خطرات پر توجہ نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے کئی ناخوشگوار واقعات رونما ہوتے ہیں بلکہ بعض اوقات جان سے بھی ہاتھ دھونا پڑ جاتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ ملک میں کام سے جڑے خطرات سے متعلق آگاہی حاصل کی جائے اور محفوظ زندگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں روڈ اور ورک شاپس میں کام کرنے والے مزدور خصوصاً ویلڈرز، گیس کٹر، اور دیگر فیبریکیشن کا کام کرنے والے مزدوروں کے لیے منعقدہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔خیام حسین کا کہنا تھا کہ ا حتیاطی تدابیر کے حوالے سے جس طرح کا ماحول آٹو موبل کارپوریشن میں ہےایسا ہی ماحول دیگر ورکشاپ تک منتقل کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر آٹو مو بل کارپوریشن آف پاکستان کی ہیومن ریسورسز کی منیجرزہرہ رضا نے کہا کہ ان کی کمپنی 1984 سے ٹریلر اور ٹنکیاں بنار ہی ہے ،ملٹی نیشنل کمپنیز ، شیل کے ماہر تجزبہ کار وں سے سیفٹی کے حوالے سے بہت آگاہی حاصل کی ہے اب یہ مشن ہے کہ اس معلومات کو دیگر لوگوں تک پہنچائیں ۔اس موقع پرآئی ایس او کنسلٹنٹ ناصر ملک نےکہا کہ بدقسمتی سے ہمارے یہاں حفاظتی کے اصولوں پر عمل درآمد کا کلچر نہیں ہے،لوگ نہیں جانتے کہ خطرات سے آگاہی اور ان کی روک تھام کس قدر ضروری ہے۔امن ٹیک سے تعلق رکھنے والے انسٹریکٹر یونس نے اس موقع پر اپنی ٹیم کے ہمراہ سیفٹی آلات اور ان کے استعمال کے متعلق حاضرین کو عملی مظاہرہ کر کے بھی دکھایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں